واشنگٹن،06اکتوبر(ہ س)۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں جنگ کے خاتمے اور حماس کے زیر حراست افراد کی رہائی کے لیے جاری مذاکرات میں تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ مذاکرات انتہائی کامیاب ثابت ہوئے ہیں اور تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ تکنیکی ٹیمیں پیر کو دوبارہ مصر میں ملاقات کریں گی تاکہ حتمی تفصیلات پر بات چیت اور وضاحت کی جا سکے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے اطلاع دی گئی ہے کہ پہلا مرحلہ اسی ہفتے مکمل کیا جانا طے ہے اور میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ تیزی سے کام کریں۔
اس سے قبل اتوار کو ہی ایک موقع پر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ ختم کرنے کے لیے ان کا طے شدہ معاہدہ اسرائیل کے لیے ایک عظیم سمجھوتا ہے۔انھوں نے حماس کے اس ردِ عمل کا بھی خیرمقدم کیا جس میں تنظیم نے ان کے 20 نکاتی منصوبے کے کچھ اہم حصوں سے اتفاق کیا، جن میں جنگ کا خاتمہ، اسرائیلی افواج کا غزہ سے انخلا اور اسرائیلی زیرِ حراست افراد کی رہائی کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔ یہ بات روئٹرز نیوز ایجنسی نے بتائی۔ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر حماس نے اقتدار چھوڑنے اور غزہ کا کنٹرول منتقل کرنے سے انکار کیا تو اس کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔ہفتے کے روز سی این این (چینل) کو دیے گئے انٹرویو میں جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا اسرائیلی وزیرِ اعظم بم باری روکنے اور امریکا کے وسیع تر وڑن سے متفق ہیں تو امریکی صدر کا کہنا تھا ہاں۔ٹرمپ کے مطابق انھیں توقع ہے کہ جلد معلوم ہو جائے گا کہ آیا حماس امن کے لیے سنجیدہ ہے یا نہیں۔
مصری وزارتِ خارجہ نے ہفتے کو اعلان کیا تھا کہ وہ 6 اکتوبر کو شرم الشیخ شہر میں اسرائیل اور حماس کے وفود کی میزبانی کرے گی تاکہ زمینی صورتِ حال کے تقاضوں اور تمام اسرائیلی اور فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کے طریقہ کار پر بات چیت کی جا سکے۔اسی دوران مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ ک±شنر بھی مصر پہنچے تاکہ قیدیوں کی رہائی کے حتمی انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔ یہ بات ایک امریکی عہدے دار نے ہفتے کو بتائی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan