نئی دہلی، 6 اکتوبر (ہ س) کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے اتر پردیش کے رائے بریلی میں ایک نوجوان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کے واقعہ کو دل دہلا دینے والا اور اشتعال انگیز قرار دیا اور انصاف کا مطالبہ کیا۔
کھیڑا نے پوسٹ میں کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف انتہائی تکلیف دہ ہے بلکہ معاشرے میں لنچنگ (ماورائے عدالت قتل) کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بھی سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ انہوں نے کہا، رائے بریلی میں ایک دلت نوجوان کی ہولناک لنچنگ دل دہلا دینے والی اور اشتعال انگیز ہے۔ وحشیانہ طریقے سے مار پیٹ کے دوران، اپنے آخری لمحات میں، مقتول نوجوان نے اپنی آخری امید راہل گاندھی کو یاد کیا۔ یہ سانحہ راہل گاندھی کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے، جو پارلیمنٹ میں رائے بریلی کی نمائندگی کرتے ہیں اور اس علاقے کے لوگوں کو اپنا خاندان سمجھتے ہیں۔ کھیڑا نے کہا کہ راہل گاندھی نے ذاتی طور پر متوفی کے اہل خانہ سے بات کی ہے اور انہیں ناقابل برداشت غم کی اس گھڑی میں اپنی مکمل یکجہتی کا یقین دلایا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 3 اکتوبر کو رائے بریلی کے ہریوم پاسوان کے قتل کی خبر آئی تھی۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ نوجوان پر ڈرون چوری کا الزام تھا تاہم بعد میں قتل کی ویڈیوز منظر عام پر آئیں۔ ویڈیوز میں نوجوانوں کو لاٹھیوں اور بیلٹوں سے پیٹا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا اور اونچہار تھانے کے انچارج سنجے کمار کا تبادلہ کر دیا۔ تین پولیس اہلکاروں کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ اس واقعے کے حوالے سے تین ویڈیوز منظر عام پر آئی ہیں، جن میں سے ایک میں نوجوان کی لاش ریلوے ٹریک کے قریب پڑی دکھائی دے رہی ہے اور دوسری میں اسے مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی