پیرس، 6 اکتوبر (ہ س). فرانس کے وزیر اعظم سیباسٹین لیکورنو نے آج اپنی کابینہ کی باضابطہ تشکیل کے ایک دن کے اندر ہی استعفیٰ دے دیا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ لیکورنو نے پیر کی صبح صدر ایمانوئل میکروں کے ساتھ ایک گھنٹہ طویل ملاقات کی، جس کے بعد ایلیسی پیلس نے وزیراعظم کے استعفیٰ کا اعلان کیا۔ یہ پیشرفت سابق وزیر اعظم فرانسوا بیرو کی سابقہ حکومت کے خاتمے کے بعد لیکورنو کو وزیر اعظم مقرر کیے جانے کے صرف 26 دن اندر سامنے آئی ہے۔
فرانسیسی قومی اسمبلی میں تمام جماعتوں نے لیکورنو کی کابینہ کی تشکیل پر سخت تنقید کی تھی، جن میں سے زیادہ تر بیرو کی کابینہ کے ارکان تھے اور اسی کابینہ کو ہٹانے کے لیے دباو¿ ڈالا گیا۔ سیاسی جماعتوں نے ووٹ کے ذریعے لیکورنو کی حکومت کو بے دخل کرنے کی دھمکی دی۔ اب کئی جماعتیں قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ کچھ لوگ صدر میکروں کے استعفے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ تاہم، میکروں نے واضح کیا ہے کہ وہ 2027 میں اپنی مدت ختم ہونے سے پہلے عہدہ نہیں چھوڑیں گے۔
فرانسیسی سیاست انتہائی اتار- چڑھاو¿ کا شکار رہی ہے، جولائی 2024 میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے نتیجے میں منقسم مینڈیٹ کی وجہ سے فرانسیسی سیاست انتہائی غیر مستحکم رہی۔ اس کی وجہ سے کسی بھی وزیر اعظم کے لیے بلوں اور سالانہ بجٹ کو منظور کرنے کے لیے درکار حمایت حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ صدر میکروں کے وفادار اور مسلح افواج کے سابق وزیر لیکورنو دو سال سے بھی کم عرصے میں فرانس کے پانچویں وزیر اعظم تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد