بہار اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان، 6 اور 11 نومبر کو ووٹنگ، 14 کو گنتی
نئی دہلی، 6 اکتوبر (ہ س)۔ بہار اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے۔ پہلے اور دوسرے مرحلے کی ووٹنگ بالترتیب 6 اور 11 نومبر کو ہوگی اور ووٹوں گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔ اعلی انتخابی کمشنر گیانیش کمار نے پیر کو اس کا اعلان کیا۔ پیر کو یہاں وگیان بھون میں
انتخاب


نئی دہلی، 6 اکتوبر (ہ س)۔ بہار اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے۔ پہلے اور دوسرے مرحلے کی ووٹنگ بالترتیب 6 اور 11 نومبر کو ہوگی اور ووٹوں گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔ اعلی انتخابی کمشنر گیانیش کمار نے پیر کو اس کا اعلان کیا۔ پیر کو یہاں وگیان بھون میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں گیانیش کمار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 121 سیٹوں کے لیے 6 نومبر کو ووٹنگ ہو گی اور دوسرے مرحلے میں 122 سیٹوں کے لیے 11 نومبر کو ووٹنگ ہو گی۔ بہار اسمبلی انتخابات مکمل شفافیت اور پرامن طریقے سے منعقد کئے جائیں گے۔

انتخابی کمیشن نے معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں کل 7.43 کروڑ ووٹرز ہیں جن میں 3.92 کروڑ مرد، 3.50 کروڑ خواتین اور 1725 ٹرانس جینڈر ووٹر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 7.2 لاکھ معذور ووٹر، 85 سال سے زیادہ عمر کے 4.04 لاکھ ووٹرز، 100 سال سے زیادہ عمر کے 14000 ووٹر اور 1.63 لاکھ سروس ووٹرز ہیں۔ ریاست میں 18 سے 19 سال کی عمر کے 14.01 لاکھ ووٹر اور 20 سے 29 سال کی عمر کے 1.63 کروڑ ووٹر ہیں۔ تقریباً 1.4 لاکھ ووٹر اس الیکشن میں پہلی بار اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ نئے ووٹرز کو 15 دن کے اندر ووٹر کارڈ فراہم کر دیے جائیں گے۔

اعلی انتخابی کمشنر نے بتایا کہ ریاست میں کل 90,712 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 76,801 دیہی علاقوں اور 13,911 شہری علاقوں میں ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر اوسطاً 818 ووٹرز ہوں گے۔ اس کے علاوہ 292 معذور، 38 نوجوانوں اور 1,044 خواتین کے زیر انتظام پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 1350 ماڈل پولنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے۔ مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کے لیے تمام پولنگ اسٹیشنز پر ویب کاسٹنگ کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ بہار نے ووٹر لسٹ صحیح کرنے کے معاملے میں پورے ملک کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ ووٹر فہرست کو خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے تحت اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ مسودہ فہرست شائع ہونے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں اور شہریوں کو دعوے اور اعتراضات دائر کرنے کا موقع دیا گیا۔ ووٹروں کی حتمی فہرست 30 ستمبر کو شائع کی گئی تھی۔ نامزدگی کی آخری تاریخ سے 10 دن پہلے تک ووٹر لسٹ میں نام شامل کیے جاسکتے ہیں تاہم حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد کوئی نیا نام شامل نہیں کیا جائے گا۔

بہار قانون ساز اسمبلی کی کل 243 نشستیں ہیں، جن میں سے 38 سیٹیں درج فہرست ذات (ایس سی) اور دو سیٹیں درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کے لیے مخصوص ہیں۔ موجودہ قانون ساز اسمبلی کی مدت 22 نومبر 2025 کو ختم ہو رہی ہے۔ انتخابی کمیشن کی پریس کانفرنس میں انتخابی کمشنر سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی بھی موجود تھے۔ اعلی انتخابی کمشنر نے یقین ظاہر کیا کہ کمیشن کی پوری ٹیم اور ریاستی انتظامیہ بہار میں منصفانہ، محفوظ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے مل کر کام کرے گی۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande