
نئی دہلی، 31 اکتوبر (ہ س)۔
مرکزی وزیر داخلہ اور کو آپریٹیو امت شاہ نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر جمعہ کو دہلی کے میجر دھیان چند اسٹیڈیم میں رن فار یونٹی (ایکتا دوڑ) کا افتتاح کیا۔ وزیر داخلہ کے ساتھ ساتھ سبھی نے ’ایک بھارت،شریسٹھ بھارت کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے ایکتا اور سالمیت کا عہد کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزراء منوہر لال کھٹر، ڈاکٹر منسکھمانڈویہ، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ، وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، ایم پی بانسوری سوراج، دہلی کے وزراء پرویش صاحب سنگھ اور منجندر سنگھ سرسا موجود تھے۔
اس موقع پر امت شاہ نے کہا کہ سردار پٹیل نے ہندوستان کی آزادی اور اس کے نقشے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ لکشدیپ آج ہندوستان کا ایک حصہ ہے، اور اس میں سردار پٹیل کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کی کانگریس حکومت نے سردار پٹیل کو وہ عزت نہیں دی جس کے وہ حقدار تھے۔ سردار پٹیل کو بھارت رتن دینے میں 41 سال لگے۔ ان کے کام کی قدرکے لیے کوئی یادگار نہیں بنائی گئی۔ جب نریندر مودی گجرات کے وزیر اعلیٰ بنے تو انہوں نے سردار پٹیل کی یادگار بنانے کا عزم کیا کہ دنیا حیران رہ جائے گی۔ نریندر مودی نے 31 اکتوبر 2013 کو سردار پٹیل کے یوم پیدائش پر اسٹیچو آف یونٹی کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔
امت شاہ نے کہا کہ سردار پٹیل نے ریاستوں کو متحد کرکے ملک کے اتحاد اور سلامتی کو مضبوط کیا اور کسانوں، پسماندہ اور محروم لوگوں کو کوآپریٹیو سے جوڑ کر ملک کو خود روزگار اور خود انحصاری کی طرف لے جایا۔ ان کا پختہ یقین تھا کہ ملک کی ترقی کی کنجی کسانوں کی خوشحالی میں مضمر ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی کسانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے وقف کر دی۔ سردار صاحب نے جس انصاف پسند اور متحد قوم کو بنایا اس کی حفاظت ہر محب وطن کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ رن فار یونٹی اس خیال کی علامت ہے کہ مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کی قیادت میں، بکھری ہوئی زمینوں کو متحد کیا اور ایک متحدہ ہندوستان کی شکل دی۔ سردار پٹیل کی زندگی ہمیں تحریک دیتی ہے کہ اتحاد ہی ملک کی طاقت اور ہندوستان کی شناخت ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ