


اپنی کاروں سے 17 ممالک کا سفر کر کے نیدرلینڈ کے سیاح مدھیہ پردیش کے چندیری پہنچے
۔ دی اسٹون ویلیج وکرم پور میں بنے ہوم اسٹے میں نیدرلینڈ سے آئے 12 رکنی سیاحتی گروپ کی آمد
چندیری، 31 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش دیہی سیاحت منصوبے کے تحت چندیری کے موضع دی اسٹون ویلیج وکرم پور میں تیار کیے گئے ہوم اسٹے میں نیدرلینڈ سے آئے 12 رکنی سیاحوں کا گروپ جمعرات کی رات یہاں پہنچا۔ یہ تمام سیاح ہالینڈ (ایمسٹرڈیم) سے اپنی سات کاروں کے ساتھ روانہ ہوئے تھے اور نیدرلینڈ، جرمنی، آسٹریا، رومانیہ، بلغاریہ، ترکیہ، جارجیا، آذربائیجان، ایران، ترکمانستان، کرغیزستان، روس، چین، تبت سمیت 18 ممالک کا سفر کرتے ہوئے نیپال کے راستے ہندوستان میں داخل ہوئے۔
یہ سیاحتی گروپ ہندوستان کے مختلف مقامات کا سفر کرتے ہوئے کھجوراہو سے چندیری کے دی اسٹون ویلیج وکرم پور پہنچا۔ یہاں آمد پر گرام کمیٹی، مقامی باشندوں اور ٹیم کے ارکان نے تمام مہمانوں کا گلدستہ پیش کرکے اور تلک لگا کر پُرتپاک استقبال کیا۔ گروپ کی لیڈر سوزین نے بتایا کہ ہماری جدید گاڑیوں میں خیمہ، جی پی ایس اور رات میں قیام کے لیے تمام سہولیات موجود ہیں۔
ہندوستان سمیت 17 دیگر ممالک کے اس مہم جویانہ سفر میں ٹویوٹا کاروں کی ڈرائیور خواتین ہیں۔ تمام مسافروں نے وکرم پور کے ہوم اسٹے میں شب گزاری کی اور مقامی کھانوں کا لطف اٹھایا۔ سیاح گاوں کے باشندوں سے مل کر بے حد خوش ہوئے۔ جمعہ کے روز گروپ کے اراکین کو ایم پی ٹی کے گائیڈ مظفر انصاری (کلے بھائی) نے چندیری میں تاریخی عمارتوں کے ساتھ ساتھ بُنکروں کی بستیوں کا دورہ کرایا۔ سیاحوں نے بُنکروں سے سات سو سال پرانی بنائی کی روایت پر تبادلہ خیال کیا، خریداری کی اور ہینڈلوم پارک کا بھی معائنہ کیا۔
یہ سیاحتی گروپ ہندوستان کے دورے کے بعد ممبئی سے بحری جہاز کے ذریعے سمندری راستے سے عمان جائے گا اور وہاں سے اپنی کاروں کے ساتھ زمینی راستے سے عمان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور اردن کے راستے شام پہنچ کر نیدرلینڈ واپس جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع تھا جب گاوں وکرم پور میں غیر ملکی سیاح قیام کے لیے پہنچے۔ چندیری کے تین گاؤں وکرم پور، نانون اور پران پورمیں مدھیہ پردیش ٹورزم بورڈ کی دیہی سیاحت اسکیم کے تحت ایک منصوبہ جاتی ادارے کی مدد سے ہوم اسٹے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ چندیری میں اب تک چھ ہوم اسٹے تیار ہو چکے ہیں، جہاں سیاح قیام کو ترجیح دے رہے ہیں اور ہندوستان کے گاوں کی قدیم تہذیب و ثقافت سے قریب سے واقف ہو رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن