
جامعہ ہمدرد میں یونانی طب میں فارماکو وجیلنس کے موضوع پر لیکچر دیا
علی گڑھ، 30 اکتوبر (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فارماکولوجی کے چیئرمین پروفیسر سید ضیاء الرحمن نے نئی دہلی میں جامعہ ہمدرد کے اسکول آف یونانی میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ میں ”یونانی طب میں فارماکو وجیلنس کی ضرورت“ عنوان پر لیکچر دیا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر رحمن نے زور دیا کہ یونانی ادویات کی سیفٹی، افادیت اور معیار کی نگرانی نہایت ضروری ہے، جس کے لیے ادویات کے مضر اثرات کی منظم رپورٹنگ کے ذریعے مریضوں کے تحفظ اور شواہد پر مبنی روایتی طب کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
تقریب میں شعبہ علم الادویہ نے شعبہ صیدلہ کے اشتراک سے پوسٹر سازی مقابلے کا بھی اہتمام کیا، جس کا مقصد طلبہ میں فارماکو وجیلنس سے متعلق بیداری پیدا کرنا تھا۔ نمایاں تین بہترین پوسٹرز کے تخلیقی اور معلوماتی انداز کو سراہتے ہوئے انعامات دیے گئے۔ پروفیسر عبد الودود (سابق ڈائریکٹر، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن، بنگلورو) نے اپنے اختتامی کلمات میں روایتی نظامِ صحت کو مضبوط بنانے میں فارماکو وجیلنس کے کردار پر روشنی ڈالی۔
اس سے قبل ڈاکٹر عائشہ صدیقی (چیئرپرسن، شعبہ علم الادویہ) نے مہمان مقرر کا تعارف کرایا۔ پروفیسر یاسمین شمسی (ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن) نے فاتحین کو انعامات سے نوازا اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر راسخ جاوید اور ڈاکٹر نفیس نے کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ