
مدھیہ پردیش کو 70ویں یوم تاسیس پر پی ایم شری ہوائی سیاحت ہیلی کاپٹر سروس کا تحفہ، موہن یادو کریں گے افتتاح
۔ مدھیہ پردیش ٹورازم بورڈ کی جانب سے عوامی و نجی شراکت داری کے تحت شروع ہوگی یہ سروس، ریاست کے تین سیکٹروں میں 20 نومبر سے باقاعدہ آغاز
بھوپال، 30 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے 70ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ریاست کو سیاحت کے میدان میں ایک نئی سوغات ملنے جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو یکم نومبر کو بھوپال کے راجا بھوج ایئرپورٹ سے ’’پی ایم شری ہوائی سیاحت ہیلی کاپٹر سروس‘‘ کا افتتاح کریں گے۔
اس موقع پر مرکزی شہری ہوابازی وزیر کنجراپو رام موہن نایڈو، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف (آزادانہ چارج) ارجن رام میگھوال، اور مدھیہ پردیش کے وزیر مملکت برائے سیاحت و ثقافت (آزادانہ چارج) دھرمیندر بھاو سنگھ لودھی بھی موجود رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کے فلیگ آف کے ساتھ تینوں ہیلی کاپٹر اجین کے لیے روانہ ہوں گے۔ ہیلی کاپٹر سروس کا باقاعدہ آغاز 20 نومبر 2025 سے ہوگا۔
سیاحت و ثقافت وزیر مملکت (آزادانہ چارج) دھرمیندر بھاو سنگھ لودھی نے جمعرات کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش محکمہ سیاحت کی جانب سے ریاست کے سیاحتی مقامات کے درمیان فضائی رابطے کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ’’پی ایم شری ہوائی سیاحت ہیلی کاپٹر سروس‘‘ شروع کی جا رہی ہے۔ عوامی و نجی شراکت (پی پی پی) ماڈل کے تحت یہ سروس مدھیہ پردیش کی سیاحت کو نئی پرواز دے گی۔
محکمہ سیاحت و ثقافت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اور ایم پی ٹورازم بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر شیو شیکھر شکلا نے بتایا کہ مدھیہ پردیش ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے انٹرا اسٹیٹ ایئر کنیکٹیوٹی کا آغاز کیا ہے۔ ’’پی ایم شری ہوائی سیاحت ہیلی کاپٹر سروس‘‘ کے ذریعے ریاست کے اہم مذہبی، جنگلی حیات اور قدرتی سیاحتی مقامات کے درمیان سفر زیادہ سہل اور دلکش بنے گا۔ یہ قدم مدھیہ پردیش کو سیاحت کے ایک نئے زاویے کی جانب لے جائے گا، جس سے ریاست کے ایڈونچر، وراثتی اور روحانی سیاحت کو نئی شناخت ملے گی اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے سفر کے تجربے کو مزید بامعنی اور خوشگوار بنایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ’’پی ایم شری ہوائی سیاحت ہیلی کاپٹر سروس‘‘ کا آپریشن ہر سیکٹر میں ہفتے میں پانچ دن کیا جائے گا۔ سروس کے آپریشن کے لیے سیکٹر-1 میں میسرز ٹرانس بھارت ایوی ایشن اور سیکٹر-2 و سیکٹر-3 میں میسرز جیٹ سرو ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ تین سال کی مدت کے لیے معاہدے کیے گئے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں نجی آپریٹر ہر سیکٹر میں ایسے ہیلی کاپٹر چلائیں گے جن میں کم از کم چھ مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن