
ویمنس کالج کی جانب سے تین روزہ پائتھن ورکشاپ کا انعقاد
علی گڑھ، 29 اکتوبر (ہ س)۔ ویمنس کالج کے اولمپیا اکیڈمیا چیپٹر نے گیم آف کوڈزکے عنوان پر شعبہ طبیعیات میں تین روزہ پائتھن پروگرامنگ ورکشاپ منعقد کی۔ یہ پروگرام امریکن فزیکل سوسائٹی کے ویمن اِن فزکس گرانٹ کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طالبات کو پائتھن اور اس کے سائنسی استعمال کی تربیت دینا تھا۔
شعبہ طبیعیات کے چیئرمین پروفیسر محمد سجاد اطہر نے اپنے افتتاحی خطاب میں فزکس کی تعلیم میں کوڈنگ کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا، جب کہ مہمان اعزازی ڈاکٹر حیدر حسن جعفری نے جدید تحقیق میں کمپیوٹیشنل فزکس کے بڑھتے کردار پر روشنی ڈالی۔
چنار کوانٹم اے آئی کے جناب زہیب خاکی اور ڈاکٹر محسن الہی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی)، کوانٹم سسٹمز اور کمپیوٹیشنل ایجوکیشن پر ورچوئل لیکچر دیا، جس میں انھوں نے انٹرڈسپلینری تحقیق کے نئے رجحانات پر گفتگو کی۔ ریسرچ اسکالر عبدالقدیر کی نظامت میں منعقدہ تکنیکی سیشن میں پائتھن پروگرامنگ کے بنیادی پہلوؤں، ڈاٹا ہینڈلنگ، وِژولائزیشن اور سائنسی کمپیوٹنگ وغیرہ کا احاطہ کیا گیا۔ شرکاء نے کوڈنگ ایکسرسائزز اور منی پروجیکٹس کے ذریعے عملی مسائل کے حل کی مہارت بھی حاصل کی۔ ورکشاپ کا اختتام وے گراؤنڈ آن لائن پلیٹ فارم پر کوڈنگ کوئزکے ساتھ ہوا، جس کے فاتحین کو اسمارٹ واچ، ہیڈفون اور بیک پیک پیش کئے گئے۔ ورکشاپ میں 110 شرکاء نے حصہ لیا۔
گیم آف کوڈزکی کامیابی میں اولمپیا اکیڈمیا کور ٹیم بشمول شاد عظمی (بانی) اور محمد نجیب (شریک بانی) سمیت فرح ناز (صدر)، عفیفہ جمال (نائب صدر)، عائشہ عابد (سیکریٹری)، اور طوبیٰ فردوس (جوائنٹ کوآرڈینیٹر و خازن) نے نمایاں کردار ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ