
اے ایم یوگرلز اسکول میں جلسہ سیرت النبیؐ کا اہتمام
علی گڑھ، 29 اکتوبر (ہ س)۔ اے ایم یو گرلز اسکول میں پرنسپل محترمہ آمنہ ملک کی سرپرستی اور محترمہ عرشی ظفر خان و محترمہ زیبا نواز کی نگرانی میں سیرت النبیؐ کے موضوع پر ایک روح پرور تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر اے ایم یو رجسٹرارپروفیسر عاصم ظفر کی اہلیہ بطور خاص موجود تھیں۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طالبات نے نعتیہ کلام پیش کیے۔ مقررین نے حضور اکرمؐ کی سیرتِ طیبہ، تعلیمات، اور امن،امانت داری، شفقت اور سچائی جیسی عالمگیر قدروں پر روشنی ڈالی۔ میلاد کمیٹی کی انچارج محترمہ عرشی ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے سیرت النبیؐ کی اہمیت بیان کی اور حاضرین کو تلقین کی کہ وہ حضور اکرمؐ کی تعلیمات کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں شامل کریں۔
پرنسپل محترمہ آمنہ ملک نے پروگرام کے منتظمین اور شرکاء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو چاہئے کہ وہ نبی کریمؐ کی سیرت سے رہنمائی حاصل کریں اور معاشرے میں اتحاد، محبت اور ہم آہنگی کے پیغام کو عام کریں۔ آخر میں کلمات تشکر ادا کئے گئے اور دعا کی گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ