اسمبلی رکن اسمبلی کشتواڑ شگن پریہار کے متنازعہ بیان پر ہنگامہ
جموں, 29 اکتوبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں بدھ کے روز اُس وقت شور و غل اور ہنگامہ آرائی دیکھی گئی جب بی جے پی کی رکنِ اسمبلی کشتواڑ شگن پریہار کے متنازعہ بیان پر ایوان میں شدید ردِعمل سامنے آیا۔زیرو آور کے دوران خطاب کرت
Shagun


جموں, 29 اکتوبر (ہ س)۔

جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں بدھ کے روز اُس وقت شور و غل اور ہنگامہ آرائی دیکھی گئی جب بی جے پی کی رکنِ اسمبلی کشتواڑ شگن پریہار کے متنازعہ بیان پر ایوان میں شدید ردِعمل سامنے آیا۔زیرو آور کے دوران خطاب کرتے ہوئے شگن پریہار نے کہا کہ اُن کے حلقہ انتخاب کے ایک علاقے کو طویل عرصے سے نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے الزام لگایا کہ علاقے کی سڑکیں انتہائی خستہ حال ہیں اور محض اس وجہ سے ترقیاتی کاموں سے محروم رکھا جا رہا ہے کہ وہاں ہندو اکثریت آباد ہے۔

بی جے پی رکن کے اس بیان پر ایوان میں گرماگرم بحث چھڑ گئی، جبکہ حکومتی بینچوں کے ارکان نے ان کے ریمارکس کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات عوام میں مذہبی تفریق اور غلط فہمیاں پیدا کر سکتے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ سرندر چودھری نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہندو، مسلمان اور سکھ سبھی اس ملک کے وفادار اور ترقی کے خواہاں ہیں۔ بی جے پی ایم ایل اے کے استعمال شدہ متنازعہ الفاظ کارروائی سے حذف کیے جائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی رکن اسمبلی ایوان کی نئی رکن ہیں، لہٰذا انہیں ایسے حساس اور اشتعال انگیز بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے۔

چودھری نے کہا کہ ہم گاندھی کے ملک کے شہری ہیں، جہاں مساوات، رواداری اور بھائی چارے کی اقدار بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔بعد ازاں اسپیکر اسمبلی عبد الرحیم راتھر نے بھی شگن پریہار کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایوان کی نئی رکن ہیں، ہم آپ کے سیاسی سفر کی کامیابی کے خواہاں ہیں، مگر آپ سے گزارش ہے کہ متنازعہ اور اشتعال انگیز الفاظ کے استعمال سے پرہیز کریں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande