وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ریاسی میں دو منٹ رکنے کی اجازت مل گئی
وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ریاسی میں دو منٹ رکنے کی اجازت مل گئی جموں، 29 اکتوبر (ہ س)۔ سرینگر۔کٹرا وندے بھارت ٹرینوں کی شروعات کے بعد شمالی ریلوے اب وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے براہِ راست جوڑنے کی سمت میں پیش رفت کر رہی ہے۔ جموں ریلوے ڈوی
Vande Bharat


وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ریاسی میں دو منٹ رکنے کی اجازت مل گئی

جموں، 29 اکتوبر (ہ س)۔ سرینگر۔کٹرا وندے بھارت ٹرینوں کی شروعات کے بعد شمالی ریلوے اب وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے براہِ راست جوڑنے کی سمت میں پیش رفت کر رہی ہے۔ جموں ریلوے ڈویژن کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچت سنگھل نے بتایا کہ آپریشنل اور سیکورٹی امور سے متعلق مسائل کو حل کرنے کا کام جاری ہے تاکہ جموں و کشمیر میں ریلوے کے شعبے میں ایک اور سنگ میل حاصل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کٹرا سرینگر وندے بھارت ایکسپریس، جس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے 6 جون کو کیا تھا، تاریخی پیش رفت ثابت ہوئی کیونکہ یہ کشمیر کو کنیا کماری سے جوڑنے والی پہلی ریل سروس بنی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان براہِ راست ریل سروس فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔

جمعرات سے وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ریاسی ریلوے اسٹیشن پر دو منٹ کے لیے رُکنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ٹرین صبح 8 بج کر 10 منٹ پر کٹرا سے روانہ ہو کر 8 بج کر 28 منٹ پر ریاسی پہنچے گی، جس کے بعد یہ اپنی منزل سری نگر کی جانب روانہ ہوگی، جبکہ واپسی پر یہ شام 4 بج کر 34 منٹ پر ریاسی اسٹیشن پہنچے گی۔

اُچت سنگھل نے بتایا کہ ریاسی اسٹیشن پر یہ اسٹاپ ایک ماہ کے لیے تجرباتی بنیادوں پر دیا گیا ہے، جس کی منظوری ریلوے بورڈ سے حاصل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ریاسی ضلع صدر مقام ہونے کے ناطے ایک نہایت اہم مقام ہے، اس لیے عوامی مانگ کے پیشِ نظر یہاں اسٹاپ متعارف کرایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاپ کو مستقل کرنے کا فیصلہ مسافروں کے ردِعمل اور کمرشل پہلوؤں کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ اس سے قبل اس روٹ پر صرف ایک اسٹاپ بانہال میں تھا، جو ایک اہم ٹرانس شپمنٹ پوائنٹ ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق، یہ فیصلہ مقامی عوام اور عوامی نمائندوں کی مستقل مانگ کے بعد لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے محکمے کی کوشش ہے کہ رابطہ بحال رکھا جائے اور مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔اُچت سنگھل نے بتایا کہ جب اگست اور ستمبر میں شدید بارشوں کے باعث سڑک رابطہ منقطع ہوا، تو ریلوے نے کٹرا تا بانہال خصوصی ٹرین ایک ماہ کے لیے چلائی تاکہ مسافروں کو پریشانی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ کٹرا سرینگر ٹرین کو عوام کی جانب سے رفتار، آرام دہ سفر اور قابلِ اعتماد خدمات کے لیے بھرپور پذیرائی ملی ہے۔ ریاسی میں نیا اسٹاپ یاتریوں اور سیاحوں دونوں کے لیے سہولت فراہم کرے گا۔

بی جے پی کے سینئر رہنما اور ریاسی کے ایم ایل اے کلدیپ راج دوبےنے وزیر اعظم نریندر مودی اور ریلوے وزیر اشوِنی ویشنَو کا عوامی مانگ پوری کرنے پر شکریہ ادا کیا۔بی جے پی ضلع صدر روہت دوبے نے بھی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ جلد ہی ریلوے وزارت ریاسی سے ایک خصوصی سیاحتی ٹرین چلانے کی منظوری دے گی، جو چناب برج اور انجی برج جیسے تاریخی ڈھانچوں تک سیاحت کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande