
ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی میں آئی ای ای ای ہفتہ منایا گیا
علی گڑھ، 29 اکتوبر (ہ س)۔ ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں آئی ای ای ای اسٹوڈنٹ برانچ اور آئی ای ای ای ویمن اِن انجینئرنگ افینیٹی گروپ کے اشتراک سے آئی ای ای ای ہفتہ نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ طلبہ نے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ یہ تقاریب کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد مزمل کی سرپرستی میں اور ڈاکٹر صفیہ اختر کاظمی (فیکلٹی ایڈوائزر)، ڈاکٹر ایم سعد بن عارف (برانچ کاؤنسلر) اور ڈاکٹر قرۃالعین (آؤٹ ریچ کوآرڈینیٹر) کی رہنمائی میں منعقد ہوئیں۔
محمد زید، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ نے افتتاحی سیشن میں آئی ای ای ای میں شمولیت کے فوائد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آئی ای ای ای کی رکنیت کے فوائد اور پیشہ ورانہ و تکنیکی ترقی کے مواقع پر تفصیل سے گفتگو کی۔ ٹکنالوجی، ثقافت اور معلومات عامہ پر ایک بین شعبہ جاتی کوئز کا اہتمام کیا گیا، جب کہ مسٹر عدیل سرور نے شرکاء کو می ٹ لیب اور سیمولنک پر عملی تربیت فراہم کی۔ انجینئرنگ کے طلبہ کے لئے انٹرویو تکنیک پرڈاکٹر کشور ظفر (اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ انگریزی) نے ایک خصوصی سیشن منعقد کیا، جس میں انہوں نے طلبہ کو مؤثر ابلاغ، اعتماد، اور پیشہ ورانہ آداب کی اہمیت سے واقف کرایا۔
آئی ای ای ای ہفتہ کے دوران چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شارق عقیل کی قیادت میں ہیریٹیج واک کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں شرکاء کو یونیورسٹی کے تاریخی مقامات سے متعارف کرایا گیا۔ اس کے بعد ایک ٹیکنیکل کوئز آئی ای ای ای انکویسٹ کے عنوان سے منعقد کی گئی۔ آخر میں گیم جیم 2025 کے عنوان سے 72 گھنٹے پر مشتمل گیم ڈیولپمنٹ میراتھن کا اہتمام کیا گیا، جس میں ڈیزائنرز اور پروگرامرز کی ٹیموں نے جدید گیم آئیڈیاز پیش کیے۔ پروگراموں کے انعقاد میں آئی ای ای ای کی طلبہ ٹیم بشمول صائم شمشاد اور سدرہ سہیل (بی ٹیک، سال آخر) نے کلیدی کردار ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ