
- وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے رن فار سائبر اویئرنیس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا
۔اٹل پتھ پر واقع پلاٹینم پلازہ منعقد ہوئی تقریب
بھوپال، 29 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ”رن فار سائبر اویئرنیس“ مہم کے انعقاد پر مدھیہ پردیش پولیس سمیت تمام شرکاءاور شراکت داروں کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سائبر کرائم کے خلاف جنگ صرف پولیس کی نہیں، بلکہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ ٹیکنالوجی اور قانون اپنی جگہ ہیں لیکن سب سے طاقتور ہتھیار بیداری ہے۔ جب شہری بیدار ہوں گے، تب ہی ملک محفوظ رہے گا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو بدھ کو مدھیہ پردیش پولیس کی جانب سے سائبر سیکورٹی اور بیداری کو فروغ دینے کے لیے منعقد کی گئی رن فار سائبر اویئرنیس کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام نے ڈیجیٹل دور کے سب سے اہم اقدام کو ایک عوامی تحریک میں تبدیل کر دیا ہے۔ جس رفتار سے ہم ڈیجیٹل طور پر مضبوط ہوئے ہیں، اسی رفتار سے نئے مسائل اور خطرات بھی ابھر رہے ہیں۔ جس ٹیکنالوجی نے ہمیں جوڑا ہے، اسی نے مجرموں کو نئے ہتھیار بھی دیے ہیں اور آج دھوکہ دہی کے نئے نئے طریقے سامنے آگئے ہیں۔ ڈیجیٹل اریسٹ، فیک پروفائلز، ہیکنگ، ڈیٹا بریچنگ، آن لائن فراڈ، اوٹی پی فراڈ، آن لائن شاپنگ فراڈ، اور جعلی سرمایہ کاری سے متعلق لنکس جیسے جرائم بڑھ رہے ہیں۔ یہ ہمارے معاشرے کے ہر طبقے کو متاثر کر رہے ہیں۔’رن فار سائبر اویئرنیس‘ ڈیجیٹل دور میں شہریوں کی حفاظت کا فرض پورا کر رہی ہے۔ سائبر سپاہی ذمہ داری، حفاظت اور آگاہی کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بھوپال کے اٹل پتھ پر پلاٹینم پلازہ سے دوڑ کے لیے جمع ہونے والے شرکاءکو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ دوڑ اٹل پتھ سے شروع ہوئی اور ایپکس بینک تیراہا سے ہوتے ہوئے ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم پر ختم ہوئی۔ اس موقع پر ایم ایل اے بھگوان داس سبنانی، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کیلاش مکوانا اور سینئر پولیس افسران موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کو پنڈال پہنچنے پر پولیس بینڈ کی دھن کے ساتھ سلامی دی گئی۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر پولیس افسران نے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کو پھولوں کا گلدستہ اور یادگاری تحفہ پیش کرتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد