
وارانسی، 29 اکتوبر (ہ س)۔ خلیج بنگال اے اٹھے سمندری طوفان ’مونتھا‘ کے اثرات اب اتر پردیش تک پہنچ چکے ہیں۔اترپردیش کے شہر وارانسی میں منگل کی رات موسم مکمل طور پر بدل گیا۔ رات گئے بارش اور بدھ کی دوپہر تک وقفے وقفے سے ہونے والی بوندا باندی سے درجہ حرارت گر گیا اور لوگ سردی محسوس کرنے لگے۔
محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ طوفان کے اثر سے پوروانچل کے کئی اضلاع میں بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چل سکتی ہیں۔ بدھ کی صبح ہلکی بوندا باندی کے بعد دوپہر میں بارش تیز ہوگئی جس سے گلیوں اور سڑکوں پر پانی بھر گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں وارانسی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.4 ڈگری کم تھا، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 20.6 ڈگری سیلسیس رہا جو کہ معمول سے 2.8 ڈگری زیادہ تھا۔ بدھ کی دوپہر 2 بجے تک درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم 24 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ اس دوران ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد، حد نگاہ 34 فیصد اور ہوا کی رفتار 16 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے باوجود ہوا کے معیار میں خاطر خواہ بہتری نہیں آئی۔ آئی کیو ایئر کے مطابق، ۔ بدھ کی دوپہر دو بجے تک وارانسی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 132 رہا جبکہ لائیو میں یہ 218 درج کیا گیا، جو خراب کے زمرے میں آتا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، اے کیو آئی 150 اور 228 کے درمیان رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق ہوا کی رفتار کم ہونے کی وجہ سے آلودگی کی سطح بلند ہے۔ بی ایچ یو کے ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بادلوں کی سرگرمی اگلے ایک یا دو دن تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اس کے بعد فضامیں دھند بڑھنے اورموسم سرد ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا شدید سمندری طوفان 'مونتھا' آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرا گیا ہے۔ لینڈ فال کا عمل اگلے 3-4 گھنٹے تک جاری رہے گا۔ اس کے اثرات سے جنوبی اور مشرقی اتر پردیش میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کی توقع ہے۔ دریں اثنا، 30-31 اکتوبر کو پوروانچل کے کچھ اضلاع، بشمول وارانسی، پریاگ راج، مرزا پور، سون بھدرا، چندولی اور بھدوہی کے لیے موسلا دھار بارش اور 40-60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواو¿ں کے لیے وارننگ جاری کی گئی ہے۔ طوفان کے کمزور ہونے کے بعد خطے میں سردی اور دھند کے اثرات میں شدت آنے کی توقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد