
جموں, 29 اکتوبر (ہ س)۔
کرائم برانچ کشمیر کے اسپیشل کرائم وِنگ نے بدھ کے روز ضلع ڈوڈہ کے گاؤں تندلہ گندوہ میں فرحت ملک کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کارروائی انجام دی۔ یہ کارروائی ایک زیرِ تفتیش روزگار دھوکہ دہی (جاب فراڈ) کیس کے سلسلے میں کی گئی۔
ترجمان کرائم برانچ کشمیر کے مطابق اسپیشل کرائم وِنگ کی ٹیم فی الحال گاؤں تندلہ گندوہ میں تلاشی کارروائی انجام دے رہی ہے، جو بیرونِ ملک اور ملک کے اندر روزگار فراہم کرنے کے نام پر مبینہ دھوکہ دہی سے متعلق ایف آئی آر نمبر 02/2025 کے تحت درج کیس سے جڑی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ فرحت ملک ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس کیس میں ملوث پایا گیا ہے، جن کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعہ 420 کے تحت دھوکہ دہی اور فریب کاری کے الزام میں کارروائی جاری ہے۔
معاملہ اُن الزامات سے متعلق ہے جن میں متعدد افراد کو بیرون ملک روزگار فراہم کرنے کے بہانے مالی طور پر لوٹا گیا۔ مصدقہ اطلاعات اور تفتیشی شواہد کی بنیاد پر اسپیشل کرائم وِنگ نے یہ کارروائی شروع کی تاکہ کیس سے متعلق ثبوت اور دستاویزات برآمد کیے جا سکیں۔
کرائم برانچ کشمیر کے ترجمان نے کہا کہ ادارہ عوامی اعتماد اور مالی شفافیت سے متعلق کیسز میں انصاف اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور جیسے ہی پیش رفت ہوگی، تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر