
علی گڑھ، 29 اکتوبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شیعہ دینیات شعبہ کی جانب سے دینیات فیکلٹی کے مرکزی ہال میں ایک تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں ڈاکٹر سید محمد اصغر کے ناگہانی موت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا گیا۔ جلسہ کی صدارت کرتے ہوئے شعبہ شیعہ دینیات کے سربراہ ڈاکٹر مولانا اصغر اعجاز قائمی نے مرحوم کی علمی خدمات، دینی تعلیم کے فروغ میں ان کے کردار اور طلبہ کی تربیت و رہنمائی کے سلسلہ میں ان کی غیر معمولی محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈین فیکلٹی آف تھیالوجی پروفیسر محمد حبیب اللہ، پراکٹر پروفیسر وسیم علی، اور متعدد سینئر اساتذہ بشمول پروفیسر سعود عالم قاسمی، پروفیسر پرویز قمر رضوی، پروفیسر سید طیّب رضا نقوی، پروفیسر علی ندیم رضاوی، پروفیسر محمد راشد، پروفیسر نواز علی زیدی، پروفیسر محمد رضوان خان، ڈاکٹر رضا عباس، ڈاکٹر ریحان اختر، اور ڈاکٹر علی کاظم سمیت دیگر اساتذہ و طلبہ اس موقع پر موجود تھے۔
مقررین نے ڈاکٹر سید محمد اصغر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی علمی بصیرت، اخلاقی کردار، اور علمِ کلام کے فروغ میں ان کی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کا انتقال ایک عظیم سانحہ ہے۔ ڈاکٹر سید محمد اصغر اپنی مثالی تدریس، انکساری اور اخلاقِ حسنہ کے باعث ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، اور ان کی خدمات آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ بنی رہیں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ