
وائٹ نائٹ کور کے جی او سی نے پونچھ اور نوشہرہ سیکٹرز کا دورہ کیا
جموں، 29 اکتوبر (ہ س)۔ وائٹ نائٹ کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے بدھ کے روز ایس آف اسپيڈز ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل کوشک مکھرجی کے ہمراہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پونچھ اور نوشہرہ سیکٹروں کے پیشگی علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سرحدی علاقوں میں تعینات افواج کی آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران دونوں اعلیٰ فوجی افسران نے فیلڈ کمانڈرز اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیت، نظم و ضبط اور دشوار گزار حالات میں ذمہ داریوں کی انجام دہی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل مشرا نے جوانوں پر زور دیا کہ وہ مکمل مستعدی، عزم و ہمت اور جارحانہ حکمتِ عملی کے ساتھ سرحدی علاقوں کی نگرانی جاری رکھیں تاکہ ملک کی خودمختاری اور سرحدوں کی سلامتی ہر صورت میں برقرار رہے۔
انہوں نے کہا کہ بلند حوصلہ، بہترین ہم آہنگی اور ہر لمحہ تیار رہنا وہ عوامل ہیں جو کسی بھی ابھرتے ہوئے چیلنج کا مؤثر طور پر مقابلہ کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر