
چندولی/ وارانسی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے چندولی ضلع میں، چھٹھ پوجا کرنے کے لیے پیدل چلنے والی دو خواتین اور ایک معصوم بچے کو منگل کی صبح ایک تیز رفتار ٹرک نے کچل دیا۔ حادثے میں تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔ ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ شناخت کے بعد پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس دلخراش واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے سوگوار خاندان کی فوری مدد کی ہدایت کی۔ اطلاعات کے مطابق علی نگر تھانہ علاقہ کے ریواسا گاؤں کے رہنے والے سکھرام اپنی بیوی کماری دیوی (50) بہو چاندنی (27) اور پوتے سوربھ کمار (7) کے ساتھ صبح کے وقت چھٹھ پوجا کے لیے نکلے تھے۔ تینوں قومی شاہراہ کے قریب ایک تالاب کی طرف جا رہے تھے۔ جب وہ پنچ فیدوا میں ایک اسکول کے قریب پہنچے تو پیچھے سے آنے والے ایک بے قابو ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی۔ حادثے میں ایک کیوسک اور ایک موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچا۔ سڑک پر اندھیرے اور سحری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہو گیا۔ کچھ دیر بعد آس پاس کے لوگوں نے سڑک پر دل دہلا دینے والا منظر دیکھا اور پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔ مغل سرائے کے علاقہ افسر نے بتایا کہ تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہو گیا ہے۔ اس کی تلاش کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ادھر حادثے کی اطلاع ملتے ہی متوفی کے لواحقین میں کہرام مچ گیا۔ اہل خانہ اور پڑوسی بھی موقع پر پہنچ گئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی