
جموں, 28 اکتوبر (ہ س)۔
محکمہ تعمیراتِ عامہ ڈوڈہ سے وابستہ عارضی ملازمین نے آج ڈپٹی کمشنر آفس کے احاطے میں خاموش احتجاج درج کراتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اُن کی چار ماہ سے رکی ہوئی اجرتوں کو فوری طور پر واگزار کیا جائے۔احتجاج میں شامل ایک ملازم نے بتایا کہ گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ اُن کے مطابق دکاندار راشن دینے سے انکار کر چکے ہیں جبکہ وہ روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے لوگوں سے اُدھار لینے پر مجبور ہیں۔
ملازمین نے الزام عائد کیا کہ محکمہ اُن سے ایک مستقل ملازم سے بھی زیادہ کام لیتا ہے، مگر اجرت کی ادائیگی وقت پر نہیں کی جاتی، جو اُن کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ محکمہ کو ہدایت دے کہ اُن کی واجب الادا اجرتیں فوری طور پر ادا کی جائیں، بصورتِ دیگر وہ اپنے بچوں سمیت سڑکوں پر اُترنے پر مجبور ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر