
جموں, 28 اکتوبر (ہ س)۔ کشتواڑ ضلع میں پیر کی صبح ایک سڑک حادثے میں ایک شخص جاں بحق، ایک لاپتہ اور دو افراد زخمی ہو گئے، جب دو نجی گاڑیوں کے درمیان تصادم کے بعد ایک کار دریائے چناب میں جا گری۔ یہ حادثہ بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ پر وروا پل کے قریب پیش آیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، حادثہ اس وقت رونما ہوا جب ایک آلٹو کار نے ایک کیا کار کو پیچھے سے ٹکر ماری۔ تصادم کی شدت کے باعث کیا کار سڑک سے پھسل کر دریائے چناب میں جا گری اور تیز بہاؤ میں فوراً ڈوب گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور ریڈ کراس کے رضاکار موقع پر پہنچے اور مشترکہ طور پر بچاؤ و تلاش کارروائی شروع کی۔زخمیوں کو فوری طور پر ضلع اسپتال کشتواڑ منتقل کیا گیا، جہاں ان کی شناخت راجت کمار ولد راج کمار اور سشما دیوی زوجہ چندن بدیال سکنہ وسر کشتواڑ، کے طور پر ہوئی۔
شدید زخمی سومِت شرما ولد اشوک شرما سکنہ ٹھاٹھری، ڈوڈہ کو بہتر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال ڈوڈہ منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔
حکام کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی میں سوار افراد کی صحیح تعداد کا تعین فی الحال نہیں ہو سکا، تاہم مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ گاڑی کے مالک بلجیت سنگھ سکنہ گندوہ، جو محکمہ پلاننگ میں سیکشن آفیسر کے طور پر تعینات تھا، تاحال لاپتہ ہے۔
دریائے چناب میں لاپتہ شخص اور ڈوبی ہوئی گاڑی کو تلاش کرنے کے لیے پولیس، ایس ڈی آر ایف اور مقامی غوطہ خوروں کی مشترکہ ریسکیو کارروائی جاری ہے۔پولیس نے واقعے کی نسبت متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر