
لداخ انتظامیہ نے خطے میں 163 کے تحت عائد پابندیاں ہٹا دیں
لداخ, 28 اکتوبر (ہ س)۔ لداخ انتظامیہ نے خطے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد بی این این ایس کی دفعہ 163 کے تحت عائد پابندیاں واپس لے لی ہیں۔ یہ دفعہ پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی سے متعلق ہے۔ اطلاعات کے مطابق، لیہہ اور کرگل کے ڈپٹی کمشنروں نے علیحدہ احکامات جاری کرتے ہوئے یہ پابندیاں ختم کیں۔ دونوں اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوں نے ایس ایس پی کی رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب کسی بھی امن و عامہ میں خلل یا بدامنی کا خطرہ باقی نہیں رہا۔
یہ پابندیاں 24 ستمبر کو لیہہ میں پرتشدد واقعات کے بعد نافذ کی گئی تھیں، جن میں چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ اگرچہ یہ پابندیاں تقریباً تین ہفتوں بعد ختم کر دی گئی تھیں، تاہم 17 اکتوبر کو لیہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کی جانب سے احتجاج کی کال کے بعد دوبارہ عائد کر دی گئیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ دونوں تنظیموں نے 22 اکتوبر کو پانچ ماہ بعد مرکز کے ساتھ مذاکرات بحال کیے، جس سے قبل وزارتِ داخلہ نے 24 ستمبر کے تشدد کی عدالتی تحقیقات کے احکامات جاری کیے تھے۔
لیہہ کے ڈپٹی کمشنر رومیل سنگھ ڈونک کے مطابق،ایس ایس پی کی رپورٹ میں امن و امان کے کسی خطرے کی نشاندہی نہیں کی گئی، لہٰذا دفعہ 163 کے تحت عائد پابندیاں فوری طور پر واپس لی جاتی ہیں۔ اسی نوعیت کا حکم کرگل کے ڈپٹی کمشنر راکیش کمار کی جانب سے بھی جاری کیا گیا، جنہوں نے بھی پابندیوں کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر