
آئی ایم سی ایس گروپ کی جانب سے اے ایم یو کے طلبہ کے لیے اسکالرشپ کا اعلان
علی گڑھ، 28 اکتوبر (ہ س)۔ انفارمیشن مینجمنٹ کنسلٹنگ سروسز گروپ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئرکے اشتراک سے آئی ایم سی ایس اسکالرشپ پروگرام 2025 کے تحت چار ہونہار طلبہ کو اسکالرشپ سے نوازا ہے۔ ہر منتخب طالب علم کو ایک سال کے لیے ماہانہ 2500 روپے اسکالرشپ دی جائے گی، جو مجموعی طور پر سالانہ تیس ہزار روپے پر مشتمل ہوگی۔
ڈی ایس ڈبلیو دفتر میں منعقدہ تقریب میں ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر رفیع الدین، پروفیسر شمشاد حسین، ڈاکٹر شمس تبریز، ڈاکٹر اسد علی اور ڈاکٹر محمد ارسلان نے آئی ایم سی ایس گروپ کے نمائندوں کی موجودگی میں منتخب طلبہ کو اسناد پیش کیں۔ آئی ایم سی ایس گروپ کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر جناب ذکی اللہ اور ان کی ٹیم نے نوجوان صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے جذبے کو سراہا اور تعلیم کے فروغ کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
پروفیسر رفیع الدین نے آئی ایم سی ایس گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے تعاون اور طلبہ کی بہبود کے تئیں ان کے جذبہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی علمی و ذاتی کامیابیوں کے لیے مسلسل محنت جاری رکھیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ