
جموں, 28 اکتوبر (ہ س)۔ جموں کے کمشنررمیش کمار نے دربار منتقلی کے سلسلے میں سرمائی دارالحکومت جموں میں کیے جا رہے انتظامات کا جامع جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سرکاری افسران اور ملازمین کے لیے رہائشی و دفتری سہولیات کے ساتھ ساتھ سفر کے دوران انتظامی سہولتوں کی تفصیلات حاصل کیں۔
صوبائی کمشنر نے ڈائریکٹر اسٹیٹس کو ہدایت دی کہ سول سکریٹریٹ اور سرکاری رہائشی کوارٹرز میں دربار مو عملے کے آرام دہ قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔انہوں نے جے کے ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر کو تاکید کی کہ بانہال سے جموں کے درمیان دربار مو کے دوران ملازمین کے لیے معیاری طعام کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
محکمہ تعمیرات عامہ اور جل شکتی کے چیف انجینئروں کو ہدایت دی گئی کہ سرکاری رہائشی کالونیوں میں پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کو ہدایت دی گئی کہ دربار مو کے دوران سفر کرنے والے ملازمین کے لیے ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیموں کی تعیناتی کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے ریجنل آفیسر کو کنجوانی،ستوار اور کنجوانی نروال سڑکوں پر ٹریفک کے ہموار بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر جموں، کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن اور ڈی آئی جی ٹریفک کو شہر کے اندر ٹریفک نظم و نسق کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ دربار مو کے دوران کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
اجلاس میں کمشنر جے ایم سی، ڈپٹی کمشنر جموں، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی، ریجنل آفیسر این ایچ اے آئی، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈائریکٹر اسٹیٹس، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں اور محکمہ تعمیرات عامہ، بجلی و جل شکتی کے چیف انجینئروں نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر