جے این میڈیکل کالج میں کوڈ بلو ایمرجنسی رسپانس سسٹم کا افتتاح
جے این میڈیکل کالج میں کوڈ بلو ایمرجنسی رسپانس سسٹم کا افتتاح علی گڑھ، 28 اکتوبر (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال نے اپنے ایمرجنسی ہیلتھ کیئر نظام کو مزید مضبوط بناتے ہوئے ٹراما سینٹر میں“کوڈ بلو”ایمرجنسی ریسپانس سسٹم کا آغاز کیا ہے۔ اس
افتتاح کرتے ہوئے


جے این میڈیکل کالج میں کوڈ بلو ایمرجنسی رسپانس سسٹم کا افتتاح

علی گڑھ، 28 اکتوبر (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال نے اپنے ایمرجنسی ہیلتھ کیئر نظام کو مزید مضبوط بناتے ہوئے ٹراما سینٹر میں“کوڈ بلو”ایمرجنسی ریسپانس سسٹم کا آغاز کیا ہے۔ اس سہولت کا افتتاح یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر حبیب رضا کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر سینئر فیکلٹی اراکین اور اسپتال کے عملے کے اراکین موجود تھے۔

“کوڈ بلو”پروٹوکول ایک تیز رفتار نظام ہے جسے دل یا سانس بند ہونے جیسی سنگین ہنگامی صورتِ حال میں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس نظام کے فعال ہوتے ہی ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل عملے پر مشتمل ایک تربیت یافتہ ریسیسیٹیشن ٹیم، ڈیفبریلیٹرز، آکسیجن سسٹمز، اور ایمرجنسی ادویات وغیرہ کے ساتھ فوراً مریض کے پاس پہنچتی ہے تاکہ کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن (سی آر پی) اور دیگر فوری طبی اقدامات انجام دیے جاسکیں۔

اس موقع پر پروفیسر محمد محسن خان نے کہا کہ کوڈ بلو نظام کے آغاز سے انتہائی نازک مریضوں کو بروقت اور مؤثر ایمرجنسی طبی سہولت حاصل ہو سکے گی۔ انہوں نے صحت عامہ کے معیار کو بلند کرنے سے متعلق یونیورسٹی انتظامیہ کے عزم کو دہرایا اور مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا۔ پروفیسر حبیب رضانے کہا کہ یہ نیا نظام سنگین حالات میں رابطے، ہم آہنگی اور ردِ عمل کی رفتار کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی مریض کا دل یا سانس رک جائے تو ہر لمحہ قیمتی ہوتا ہے، اس سلسلہ میں ہماری ٹیموں کو فوری رد عمل کے لیے تربیت دی گئی ہے۔

ڈاکٹر شہنا علی اور ان کی ٹیم نے ’کوڈ بلو‘ کی ایکٹیویشن کے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروٹوکول کا عملی مظاہرہ کیا، تاکہ تمام عملہ اس نظام سے بخوبی واقف ہو جائے۔ اس کے علاوہ، ایک ایمپلیفائر پر مبنی اعلاناتی نظام بھی نصب کیا گیا ہے، جس کے ذریعے کیژولٹی میڈیکل آفیسر اور ہیلپ ڈیسک کے درمیان بروقت رابطہ ممکن ہو سکے گا، اس طرح ردِ عمل کے وقت میں کمی اور کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

عملے کی مہارت برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ مشقیں اور تربیتی نشستیں منعقد کی جائیں گی۔ یہ اقدام مریضوں کی سلامتی، ایمرجنسی تیاری اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے تئیں اے ایم یو کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ افتتاحی تقریب میں پروفیسر امجد علی رضوی، پروفیسر ایم وسیم علی، پروفیسر محمد شمیم، پروفیسر حماد عثمانی، پروفیسر خواجہ ظفر سیف اللہ، پروفیسر فضل الرحمٰن، ڈاکٹر ایم ثاقب، ڈاکٹر نریش شرما، ڈاکٹر سجاد، اور دیگر سینئر فیکلٹی اراکین و عملہ کے اراکین موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande