اے ایم یو جیوگرافیکل سوسائٹی نے سر سید ہفتہ کے تحت مختلف تقاریب کا اہتمام کیا
علی گڑھ, 28 اکتوبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ جغرافیہ کے زیرِ اہتمام اے ایم یو جیوگرافیکل سوسائٹی نے ”اِنکڈ ہیریٹیج“کے عنوان سے سرسید ہفتہ کی تقریبات کا اہتمام کیا جن میں شعبہ جغرافیہ کے طلبہ و طالبات نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ ان سرگ
جیوگرافیکل سوسائٹی


علی گڑھ, 28 اکتوبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ جغرافیہ کے زیرِ اہتمام اے ایم یو جیوگرافیکل سوسائٹی نے ”اِنکڈ ہیریٹیج“کے عنوان سے سرسید ہفتہ کی تقریبات کا اہتمام کیا جن میں شعبہ جغرافیہ کے طلبہ و طالبات نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ ان سرگرمیوں میں ”کینوسِ سر سید“ کے عنوان سے پوسٹر سازی مقابلہ، تحریرگاہ کے عنوان سے مضمون نویسی مقابلہ، ایک توسیعی خطبہ بعنوان ”جدید ہندوستان میں سر سید احمد خان کی علی گڑھ تحریک کی معنویت“، اور سر سید ہاؤس کا دورہ شامل تھے۔

”کینوسِ سر سید“میں 23 طلبہ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے سر سید اور علیگڑھ تحریک سے متعلق موضوعات پر فن پارے پیش کیے، جبکہ مضمون نویسی مقابلے میں 27 طلبہ نے سر سید احمد خاں کے وژن اور خدمات پر اپنے خیالات قلم بند کیے۔

شعبہ سیاسیات کے پروفیسر سید محمدمحب الحق نے توسیعی خطبہ پیش کیا، جس میں انہوں نے علی گڑھ تحریک کی تاریخی اہمیت اور اس کی عصری معنویت پر بصیرت افروز گفتگو کی۔ یہ اجلاس ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ انھوں نے استقبالیہ خطبہ بھی پیش کیا۔

سیریز کا اختتام تاریخی سر سید ہاؤس کے دورے پر ہوا، جس میں 56 طلبہ نے شرکت کی۔ سرسید ہاؤس میں طلبہ نے سر سید احمد خاں سے منسوب نوادرات اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے قیام کی تاریخ سے متعلق نوادرات کا مشاہدہ کیا اور اس طرح وہ ادارے کی علمی و ثقافتی میراث سے واقف ہوئے۔

یہ تمام تقریبات ڈاکٹر شہاب فضل (چیئرمین، شعبہ جغرافیہ اور صدر، اے ایم یو جیوگرافیکل سوسائٹی) کی قیادت میں، اور ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی اور ڈاکٹر صالحہ جمال کی رہنمائی میں منعقد ہوئیں۔ اس موقع پر فیکلٹی اور عملے کے اراکین اور سوسائٹی کے عہدیداران میگھا بگھیل (نائب صدر)، جینس جیسیکا ڈوئل (اعزازی سکریٹری)، عرفات کے چودھری اور علینہ شہزاد (جوائنٹ سکریٹری) اور ایکزیکیٹیو ممبران عاتکہ صدیقی، حرا ادریس، آمنہ صدیقی، بشریٰ نسرین، محمد انس اور محفوظ لطیف دیو نے فعال کردار ادا کیا۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande