اے ایم یو المنائی ایسوسی ایشن قطر کی جانب سے سر سید ڈے پر شاندار تقریب کا اہتمام
اے ایم یو المنائی ایسوسی ایشن قطر کی جانب سے سر سید ڈے پر شاندار تقریب کا اہتمام علی گڑھ، 28 اکتوبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی الومنئی ایسوسی ایشن، قطر نے سر سید ڈے 2025 اور علی گڑھ تحریک کے 150 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے دوحہ کے سٹی سینٹر روٹا
قطر میں ایسوسی ایشن


اے ایم یو المنائی ایسوسی ایشن قطر کی جانب سے سر سید ڈے پر شاندار تقریب کا اہتمام

علی گڑھ، 28 اکتوبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی الومنئی ایسوسی ایشن، قطر نے سر سید ڈے 2025 اور علی گڑھ تحریک کے 150 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے دوحہ کے سٹی سینٹر روٹانا میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا جس میں نامور شخصیات، فارغ التحصیل طلبہ و طالبات اور اے ایم یو برادری کے اراکین نے شرکت کی اور سر سید احمد خاں کی تعلیمی خدمات اور وژن کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ محترمہ اقرا حسن چودھری مہمانِ خصوصی تھیں، جبکہ قطر میں ہندوستان کے سفیر جناب شری وپُل نے تقریب کی صدارت کی۔ دونوں مہمانوں نے سر سید احمد خان کی تعلیمی و اصلاحی تحریک کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ہندوستان و قطر کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اے ایم یو فارغین کے کردار کو سراہا۔

ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم جیلانی نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں اے ایم یو کے سابق طلبہ سے سر سید کے مشن کا حقیقی وارث بنے رہنے کی اپیل کی۔ چیئرمین جناب جاوید احمد نے’ایک ٹیم، ایک خواب‘ کے نعرے کے ساتھ اتحاد پر زور دیا، جبکہ جناب امتیاز انور صدیقی نے تعلیم کی توسیع میں ٹکنالوجی کے کردار پر روشنی ڈالی اور اے ایم یو کے ساتھ مستقبل میں تعاون کے امکانات پر اظہارِ خیال کیا۔ تقریب کی خاص بات 20 جلدوں پر مشتمل سر سید احمد خاں کے مجموعہ تصانیف کی رونمائی تھی، جسے ڈاکٹر عطا خورشید نے مرتب کیاہے اور سینئر علیگ جناب عاطف حنیف نے شائع کیا ہے۔ جناب عاطف حنیف نے اپنی نئی تصنیف بھی پیش کی جس میں نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰؐ پر عالمی شخصیات کے تاثرات شامل ہیں۔ جناب عاطف حنیف کو علیگیرین آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنی پہلے سووینیئر”ابرِ علیگڑھ“ کا اجراء کیا گیا، جس میں تنظیم کی سرگرمیوں کی روداد شامل ہے۔ اس کے چیف ایڈیٹر جناب ممنون احمد بنگش نے اس کے مشمولات پر گفتگو کی۔ مہمان اعزازی جناب فیروز خان کی ہدایت میں اے ایم یو ترانہ پر مبنی نئی ویڈیو پیشکش کا بھی اجراء عمل میں آیا۔

دیگر معزز مہمانوں میں پروفیسر انور رضوی، ڈاکٹر عطا خورشید، جناب امتیاز انور صدیقی، جناب عاطف حنیف، جناب وسیم چودھری، جناب فیروز خان، جناب نیلانشو ڈے، جناب کے ایس پرساد، محترمہ انو شرما، محترمہ الار منگائی اور جناب ندیم اسرار شامل تھے۔ اس موقع پر پانچ زمروں میں سالانہ ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔ محترمہ انو شرما کومیڈیا پرسنالٹی ایوارڈ، جناب عاطف حنیف کو علیگیرین آف دی ایئر ایوارڈ، پروفیسر انور رضوی کو تعلیم کے میدان میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، جناب شرف پی حمید کو سماجی خدمت کے میدان میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، اور محترمہ غزالہ یاسمین اور ڈاکٹر ندیم جیلانی کو مشترکہ طور پربیسٹ پیرنٹنگ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔

تقریب میں کاہوت کوئز کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں مس عنایہ زیب فاتح رہیں، جبکہ عبداللہ معز صہیب اور تنویر احمد رنر اپ قرار پائے۔ پروگرام کا اختتام قطر اور ہندوستان کے قومی ترانوں، اے ایم یو ترانہ اور محفل سخن کے ساتھ ہوا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر اشنا نصرت اور ڈاکٹر نعیم امان نے انجام دئے، جبکہ ایسوسی ایشن کے نائب صدر جناب فیصل نسیم نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔ تقریب کے کامیاب انعقاد میں خواتین ونگ کے کردار کو سراہا گیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande