
علی گڑھ, 27 اکتوبر (ہ س)علی گڑھ میں ایک پرائیویٹ بس ڈرائیور کو کچھ افرادنے بیلٹ سے پیٹا۔ واقعے کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہے۔ حملہ آور روڈ ویز کے ملازم بتائے جارہے ہیں۔ پولیس نے ابھی تک اس معاملے میں مقدمہ درج نہیں کیا ہے۔ ویڈیو کی بنیاد پرجانچ جاری ہے۔مذکورہ واقعہ علی گڑھ کے تھانہ بننا دیوی کے سارسول میں واقع بس اسٹینڈ پر پیش آیا، بتایا جا رہا ہے ایک پرائیویٹ بس ڈرائیور نے روڈ ویز احاطے میں گھس کر مسافروں کو اپنی بس میں بٹھا لیا۔ اسکا یہ رویہ روڈ ویز کے ڈرائیوروں اور کنڈیکٹرز کو اچھا نہیں لگا۔ انہوں نے اسے پکڑ کر مارنا شروع کر دیا۔ ویڈیو میں مارکھا رہا نوجوان ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا نظر آ رہا ہے،مگر بیلٹ کی مار بند نہیں ہو رہی۔ تقریباً تین منٹ کی ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ کچھ افراد ڈرائیور کو پکڑے ہوئے ہیں اور ملازمین اسے بیلٹ سے پیٹ رہے ہیں،ویڈیو میں خواتین بھی نظر آ رہی ہیں۔ویڈیو وائرل ہونے پر محکمہ پولیس میں ہلچل مچ گئی ہے، پولیس نے معاملے کی چھان بین کی، مگرکوئی ملزم سامنے نہیں آیا ہے۔انسپکٹر ایس پی سنگھ نے بتایا کہ جس شخص کی پٹائی کی گئی اسکی شناخت گجیندر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، مگر ابھی تک کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، ویڈیو کی بنیاد پر جانچ جاری ہے۔اس واقعہ سے ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے افسران میں بھی تشویش پھیل گئی، اطلاع ملنے پر انہوں نے ڈپو انچارج سے وضاحت طلب کی ہے۔ اے آر ایم بدھا پرکاش نے کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ ویڈیو کب اور کہاں کا ہے،کہا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ سیٹلائٹ بس سٹینڈ پر پیش آیا، اس لیے وہاں کے ڈپو انچارج سے جانکاری مانگی گئی ہے۔ اگر روڈ ویز احاطے میں کسی ملازم نے یہ حرکت کی تو کارروائی کی جائے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ