
سوال ہی شعور علم کا پہلا قدم ہےپروفیسر سید شاہد علی، شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں بزم تحقیق کی جانب سے تیسرے لیکچرکا انعقادنئی دہلی،27اکتوبر(ہ س)۔
”حقیقی تحقیق محض معلومات کے ذخیرے کا نام نہیں،بلکہ سچائی تک رسائی کا ایک جامع،منظم،عقلی،تجزیاتی اور اخلاقی سفر ہے۔ایک محقق کے لیے لازمی ہے کہ وہ اتھارٹی کی اندھی تقلید کے بجائے عقلی تنقید،گہرے مشاہدے اور فکری بصیرت کے ذریعے حقائق تک پہنچنے کی کوشش کرے،کیوں کہ علم اس وقت تک ہی آگے بڑھتا ہے جب تک کہ سوالات کا سلسلہ جاری رہے، ختم نہ ہو۔“ان خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر کوشل کشور، صدر شعبہ ایجوکیشنل اسٹڈیز،فیکلٹی آف ایجوکیشن، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی، نے بزم تحقیق کے زیر اہتمام شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں منعقد تیسرے لیکچر بہ عنوان ”اسلامی علوم میں تحقیق کے اصول و مناہج“میں کیا۔انہوں نے ریسرچ اسکالرز کو اسلامی علوم میں تحقیق کے بنیادی اصولوں سے واقف کراتے ہوئے فرمایا کہ تحقیق کا عمل توازن،استدلال اور اتھارٹی کے اصولوں پر قائم ہوناچاہیے تاکہ نتائج علمی اعتبار سے مضبوط اور فکری لحاظ سے جامع ہوں،نیز اس میں استقرائی اور استخراجی طریقہ کارکے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے، کیوں کہ یہی وہ عنصر ہے جو تحقیق کو سائنسی اور معروضی بنیاد فراہم کرتا ہے،نیزپروفیسر موصوف نے طریقہ¿ تحقیق کے اہم تصورات کی وضاحت کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے تاریخی ارتقاءپر بھی روشنی ڈالی۔ پروفیسر اقتدار محمد خان،صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز اور ڈین فیکلٹی آف ہیومینٹیز اینڈ لینگویجز نے فرمایا کہ جدید سائنسی تحقیق اور دینی علوم کے امتزاج سے نئی فکری راہیں ا ور جہتیں پیدا کی جاسکتی ہیں جو امت مسلمہ کے علمی سرمائے کو مزید وسعت اور استحکام بخشیں گی۔ڈاکٹر محمد خالد خان،مشیر بزم تحقیق، نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کا بنیادی مقصد ریسرچ اسکالرز میں فکری بصیرت، تنقیدی شعوراور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھاناہے۔ پروفیسرسید شاہد علی،سابق صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ تحقیق دراصل سوال کرنے اورحقیقت کی جستجو کا نام ہے،کیوں کہ سوال ہی شعورِ علم کا پہلا قدم ہے،نیز تحقیق کا منہج اور قرآن مجید کا طریقہ¿ استدلال بنیادی طور پر ایک ہی حقیقت کی دو مختلف جہتیں ہیں اوردونوں ہی انسان کوتلاش حق اور دریافت حقیقت کی راہ دکھاتے ہیں۔ پروگرام کا آغاز شعبہ کے ریسرچ اسکالر محمد ثاقب ضیاءکی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔مہمان مقرر کا تعارف ابوسالم یحییٰ نے کرایا اور نظامت کے فرائض ملک محمود نے انجام دیے۔آخر میں سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔پروگرام کو کام یاب بنانے میں بزم تحقیق کے نائب صدرمحمد ثاقب،جنرل سکریٹری ملک محمود اورجوائنٹ سکریٹری محمد طاہرکا اہم کردار رہا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais