لیورکوسن کے خلاف میچ کے لیے عثمان ڈیمبیلے کی پی ایس جی میں واپسی
لیورکوسن، 21 اکتوبر (ہ س)۔ اس بار کے بیلن ڈی اور اعزازیافتہ عثمان ڈیمبیلے کو چھ ہفتے کی انجری سے صحتیاب ہونے کے بعد پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ منگل کو بائر لیورکوسن کے خلاف چیمپئنز لیگ کے میچ میں واپس آسکتے ہیں۔ ڈیمبیلے کی واپسی سے کوچ لوئس اینریک کو راحت ملی ہے، کیونکہ ٹیم اس سیزن میں انجریز سے دوچار ہے۔ 28 سالہ فرانسیسی فارورڈ ستمبر کے اوائل میں فرانس کے لیے کھیلتے ہوئے ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ وہ قطر کے ایک خصوصی کلینک میں علاج کروانے کے بعد گزشتہ ہفتے تربیت کے لئے واپس آئے تھے۔
ڈیمبیلے جمعہ کو اسٹراسبرگ کے خلاف 3-3 کے سنسنی خیز ڈرا میں شامل نہیں ہوئے تھے، لیکن اب امید ہے کہ وہ جرمنی میں کچھ منٹ کھیل سکیں گے۔ یورپی چیمپئن پی ایس جی اس سیزن میں مسلسل تیسری چیمپئنز لیگ جیتنے کے لیے کوشاں ہے۔ لیورکوسن کے سینٹر بیک اور فرانس کی ٹیم کے ساتھی لوئیک باڈے نے کہا، ’’ڈیمبیلے کو روکنے کا کوئی خفیہ طریقہ نہیں ہے۔ وہ ایک مکمل کھلاڑی ہیں جن میں کئی خوبیاں ہیں۔ انہوں نے بیلون ڈی اور جیتا ہے، اس کا مطلب ہے کہ وہ غیر معمولی صلاحیت کے مالک ہیں۔ وہ دونوں پیروں سے کھیل سکتے ہیں اور ان کے کھیل میں کوئی کمزوری نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’انہیں روکنے کے لیے ٹیم کے طور پر سوچنا ہوگا، اجتماعی طور پر دفاع کرنا ہوگا اور کمپیکٹ رہنا ہوگا۔‘‘ پی ایس جی کو اسٹراسبرگ میچ میں فارورڈ ڈیسائرے دوے اور کھیوچا کواراتسکھیلیا کی واپسی ملی تھی۔ حالانکہ مڈفیلڈر فیبین رئز اور جواو نیوس اب بھی چوٹ کے سبب باہر ہیں۔ کپتان مارکوینھوس، جو حال ہی میں چوٹ سے صحتیاب ہوئے ہیں، ٹیم کے ساتھ جرمنی روانہ ہوئے ہیں۔
لیورکوسن کے کوچ کیسپر ہیولمانڈ، جنہوں نے ستمبر میں ایرک ٹین ہاگ کی جگہ ذمہ داری سنبھالی تھی، نے کہا کہ پی ایس جی کی ہائی پریسنگ اسٹائل ’’ایک ہتھیار‘‘ ہے لیکن ’’ایک خطرہ‘‘ بھی۔ انہوں نے کہا، ’’وہ ایک بہترین ٹیم ہیں جنہوں نے پچھلے سال سے مزید بہتری کی ہے۔ لیکن ہمارے پاس بھی کافی معیار ہے اور ہم اسے دکھانا چاہتے ہیں۔ ہمیں اپنے کھیل پر بھروسہ ہے۔‘‘
بنڈیس لیگا 2024 کی چیمپیئن لیورکوسن نے اس سیزن کے ابتدائی دو چیمپیئنز لیگ میچوں میں ایف سی کوپن ہیگن اور پی ایس وی آئندھوون کے ساتھ ڈرا کھیلا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن