ممبئی کے کف پریڈ میں بڑا حادثہ، 15 سالہ لڑکا ہلاک، تین افراد جھلس گئے
ممبئی، 20 اکتوبر(ہ س)۔
مہاراشٹر کے جنوبی ممبئی کے ساحلی علاقے کف پریڈ
میں پیر کی صبح پیش آئے ایک دلخراش واقعے میں 15 سالہ لڑکا ہلاک جبکہ تین افراد شدید
طور پر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ مچھی مار نگر میں واقع ایک چال میں آگ لگنے کے باعث
پیش آیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر سینٹ جارج اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک زخمی کی
حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
بلدیہ
عظمیٰ ممبئی کے ایمرجنسی مینجمنٹ آفیسر کے مطابق کیپٹن پرکاش پیٹھ مارگ پر واقع
مچھی مار نگر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تین الیکٹرک گاڑیوں
کی بیٹریوں، بجلی کے تاروں اور گھریلو سامان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے
ہی فائر بریگیڈ، مقامی پولیس اور بیسٹ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور تیز رفتاری
سے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو
ٹیموں نے چار افراد کو محفوظ نکالا اور اسپتال منتقل کیا، لیکن بدقسمتی سے 15 سالہ
یش کھوت کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔ دیگر زخمیوں میں دیویندر چودھری (30)، ویراج
کھوت (13) اور سنگرام کرنی (25) شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق دیویندر کی حالت
نازک ہے اور اسے انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا ہے، جبکہ ویراج اور سنگرام کی
حالت مستحکم ہے۔
فائر بریگیڈ
کے عملے نے تقریباً ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ اس کے بعد کولنگ
آپریشن کیا گیا تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کا امکان ختم کیا جا سکے۔ ابتدائی جانچ سے
شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ کا سبب الیکٹرک گاڑی کی بیٹری میں خرابی ہو سکتی ہے،
تاہم حتمی وجہ کی تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے