جموں, 20 اکتوبر (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے پیر کے روز کہا کہ حکمران نیشنل کانفرنس (این سی) نگروٹہ اور بڈگام اسمبلی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات عوامی مسائل کی بنیاد پر لڑے گی، جن میں سب سے بڑا مسئلہ ریاستی درجہ کی بحالی ہے۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ دونوں حلقوں کے ووٹرز پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لیے نیشنل کانفرنس کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے۔
نیشنل کانفرنس نے نگروٹہ سے ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) رکن شمیم بیگم اور بڈگام سے سابق وزیر آغا سید محمود کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ یہ دونوں نشستیں 11 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں زیرِ مقابل ہوں گی۔
نگروٹہ میں ضمنی انتخاب بی جے پی کے رکن اسمبلی دیویندر سنگھ رانا کے گزشتہ سال 31 اکتوبر کو انتقال کے بعد لازمی ہوا، جبکہ بڈگام نشست اس وقت خالی ہوئی جب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دو نشستوں گاندربل اور بڈگام میں سے اپنی آبائی نشست گاندربل برقرار رکھی۔
نائب وزیر اعلیٰ نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ انتخابات عوامی مسائل پر لڑیں گے، اور ہمارے لیے سب سے اہم مسئلہ ریاستی درجہ کی بحالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے در بار موو کی روایت دوبارہ شروع کی ہے تاکہ جموں کے تاجروں اور عوام کو راحت پہنچائی جا سکے، جسے بی جے پی نے عوامی مفاد کو نظر انداز کرتے ہوئے بند کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر حکومت نے حال ہی میں سری نگر میں دربار موو دفاتر کے بند ہونے کے احکامات جاری کیے ہیں، جس کے بعد تمام دفاتر 3 نومبر کو جموں میں دوبارہ کھلیں گے۔
در بار موو کی روایت ڈوگرہ حکمرانوں نے 1872 میں شروع کی تھی، جسے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی انتظامیہ نے 2021 میں ختم کر دیا تھا۔
نائب وزیر اعلی نے کہا کہ این سی حکومت کا دربار موو بحال کرنا ایک بڑا فیصلہ ہے، جو نہ صرف رگھوناتھ بازار یا افسرا روڈ کے دکانداروں بلکہ پوری معیشت کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ اس سے صدیوں پرانی روایت کو بحال کر کے عوام کو قریب لایا جائے گا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی انتخابات میں گمراہ کن بیانیے اور مذہب و ذات پات کی بنیاد پر تقسیم کی سیاست کرے گی۔
عوام جانتے ہیں کہ 28 بی جے پی ارکان اسمبلی اپنی اپنی نشستوں پر عوام کے لیے کچھ نہ کر سکے،۔ ہم دونوں نشستیں جیت کر بی جے پی کے غرور کو ختم کریں گے۔ایک اور وزیر جاوید رانا نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک کیڈر بیسڈ پارٹی ہے، اور عوام عبداللہ قیادت کے ساتھ کھڑے ہو کر ریاست کی کھوئی ہوئی عظمت واپس لائیں گے۔
بعد ازاں، شمیم بیگم نے سینکڑوں حامیوں اور نائب وزیر اعلیٰ کی قیادت میں نگروٹہ ضمنی انتخاب کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی ریٹرننگ آفیسر کے سامنے جمع کرایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر