نیشنل کانفرنس نے شمیم بیگم کو نگروٹہ حلقہ سے امیدوار نامزد کیا
جموں، 20 اکتوبر (ہ س)۔ کانگریس کی جانب سے نگروٹہ اسمبلی نشست پر انتخاب لڑنے سے انکار کے بعد نیشنل کانفرنس نے پیر کو ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) کی رکن شمیم بیگم کو اپنا امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر جموں رتن لعل گپتا نے بتایا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے شمیم بیگم کے نام کی باضابطہ منظوری دے دی ہے اور وہ جلد ہی اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کریں گی۔ شمیم بیگم ایک بااثر مسلم گجر خاتون ہیں، اُنہوں نے سال 2020 میں ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں نگروٹہ حلقے سے کامیابی حاصل کی تھی۔
ادھر، جموں و کشمیر میں حکمران اتحاد کی دو بڑی جماعتوں، کانگریس اور نیشنل کانفرنس، کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ کانگریس نے نیشنل کانفرنس کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نگروٹہ نشست پر انتخاب نہیں لڑے گی، تاکہ بی جے پی کو شکست دینے کے وسیع تر ہدف کے تحت یہ سیٹ اپنے اتحادی کے لیے چھوڑ رہی ہے۔
کانگریس کے مطابق، پارٹی نے پردیش کانگریس کمیٹی کی رپورٹ اور مختلف سیاسی عوامل کو مدِنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا، جن میں 2024 کے اسمبلی انتخابات کا حوالہ بھی شامل ہے، جب نیشنل کانفرنس اس حلقے سے دوسرے نمبر پر رہی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت نے وسیع تر اتحاد اور بی جے پی مخالف یکجہتی کے پیشِ نظر نگروٹہ سیٹ نیشنل کانفرنس کے لیے چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب، دونوں جماعتوں کے تعلقات اُس وقت تناؤ کا شکار ہو گئے جب نیشنل کانفرنس نے راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس کو محفوظ نشست دینے سے انکار کر دیا۔ نیشنل کانفرنس نے کانگریس کو چوتھی، نسبتاً کم یقینی نشست کی پیشکش کی تھی، جس پر کانگریس نے مقابلے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، کانگریس کی قیادت، خواہ وہ جموں و کشمیر میں ہو یا نئی دہلی میں، نیشنل کانفرنس کے اس رویے پر ناراضگی کا اظہار کر رہی ہے اور اسے اتحاد کے وعدوں سے انحراف قرار دے رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر