کانگریس نے نگروٹہ اسمبلی حلقہ پر انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا
جموں، 20 اکتوبر (ہ س)۔ راجیہ سبھا انتخابات نہ لڑنے کے فیصلے کے بعد کانگریس نے آج نگروٹہ اور بڈگام اسمبلی نشستیں اپنی اتحادی جماعت نیشنل کانفرنس کے لیے چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس پہلے ہی بڈگام نشست کے لیے آغا سید محمود کو امیدوار نامزد کر چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق نگروٹہ اور بڈگام نشستوں کے ضمنی انتخابات کے لیے نامزدگی فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ کل 20 اکتوبر مقرر ہے، جبکہ پولنگ 11 نومبر کو منعقد ہوگی۔
کانگریس کے رہنماؤں نے بتایا کہ اتحاد کے وسیع مفادات اور بی جے پی کو شکست دینے کے بڑے مقصد کے تحت آل انڈیا کانگریس کی مرکزی قیادت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ نگروٹہ نشست نیشنل کانفرنس کے لیے چھوڑ دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کی رپورٹ پر تفصیلی غور و خوض کے بعد کیا گیا، کیونکہ گزشتہ اسمبلی انتخابات 2024 میں نگروٹہ حلقے میں نیشنل کانفرنس کے امیدوار نے کانگریس کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے۔ کانگریس نے بڈگام نشست بھی نیشنل کانفرنس کے لیے چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں دونوں جماعتوں نے نگروٹہ حلقے پر دوستانہ مقابلہ کیا تھا، حالانکہ بیشتر نشستوں پر ان کے درمیان پیشگی انتخابی اتحاد موجود تھا۔
تاہم، نیشنل کانفرنس نے ابھی تک نگروٹہ نشست کے لیے اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے، جب کہ نامزدگیوں کی آخری تاریخ 20 اکتوبر ہے۔ ادھر بی جے پی نے نگروٹہ نشست سے دیویانی رانا کو امیدوار بنایا ہے جو پارٹی کے سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا کی بیٹی ہیں۔ یاد رہے کہ دیویندر سنگھ رانا نے سال 2024 کے اسمبلی انتخابات میں 30 ہزار سے زائد ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم ان کے اچانک انتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوگئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر