بی آر ایس ، بی جے پی کی بی ٹیم، جوبلی ہلز میں ووٹ تقسیم کرنے کی سازش
حیدرآباد، 20 اکتوبر(ہ س)۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے بی آر ایس کو بی جے پی کی بی ٹیم قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں دونوں پارٹیاں مذہب کی بنیاد پر ووٹ تقسیم کرنے کی سازش کررہی ہیں لہذا عوام کو دونوں پارٹیوں سے چوکس رہنا چاہئے
بی آر ایس ، بی جے پی کی بی ٹیم، جوبلی ہلز میں ووٹ تقسیم کرنے کی سازش


حیدرآباد، 20 اکتوبر(ہ س)۔

وزیراعلی ریونت ریڈی نے بی آر ایس کو بی جے پی کی بی ٹیم قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں دونوں پارٹیاں مذہب کی بنیاد پر ووٹ تقسیم کرنے کی سازش کررہی ہیں لہذا عوام کو دونوں پارٹیوں سے چوکس رہنا چاہئے۔وزیراعلی آج تاریخی چارمینار کے دامن میں راجیو گاندھی سدبھاونا یاترایادگاری کمیٹی کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ آنجہانی راجیو گاندھی نے 1990 میں تاریخی چارمینار سے سدبھاونا یاترا کاآغاز کیاتھا جس کی یاد میں ہرسال تقریب منائی جاتی ہے اورنمایاں خدمات پر کسی شخصیت کوراجیو گاندھی سدبھاوناایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے سابق مرکزی وزیرسلمان خورشید کو راجیو گاندھی سدبھاونا ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب میں وزیراعلی نے بی آرایس اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایااورکہا کہ دونوں میں خفیہ مفاہمت ہوچکی ہے اور وہ مذہب کی بنیاد پرووٹ تقسیم کرنا چاہتی ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ 2024 لوک سبھا انتخابات میں 8 حلقہ جات میں بی آرایس نے بی جے پی کی کامیابی میں مدد کی اور ان حلقہ جات میں بی آرایس کو ضمانت بھی حاصل نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی چناؤ میں بی آرایس کو37 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے لیکن ایک سال بعد لوک سبھا چناؤمیں بی آرایس کا ووٹ فیصد گھٹ کر15فیصدہوگیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ 22 فیصد ووٹ آخرکہاں گئے؟ وزیراعلی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جوبلی ہلز میں دونوں پارٹیوں کی سازش کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو تحفظات کی فراہمی میں دونوں پارٹیاں رکاوٹ بن چکی ہیں۔ وزیراعلی نے جدوجہد آزادی میں مہاتما گاندھی کے رول کا ذکر کیااورکہا کہ مہاتما گاندھی کے بعد اندراگاندھی اورپھرراجیو گاندھی نے ملک کی ایکتا اوریکجہتی کے لئے اپنی جان قربان کی۔ وزیراعلی نے سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید اور ان کے خاندان کی ملک کے لئے نمایاں خدمات کا ذکرکیا۔ انہوں نے کہا کہ سلمان خورشید کے دادا ڈاکٹرذاکرحسین نے مہاتما گاندھی کے ساتھ کام کیا تھااوروہ ملک کے صدرجمہوریہ کے عہدے پرفائزہوئے۔ سلمان خورشید کے والدخورشید عالم خاں بھی مرکزی حکومت میں شامل رہے اور انہوں نے اندراگاندھی کے ساتھ کام کیا۔ سلمان خورشید کو اندراگاندھی، راجیوگاندھی، سونیا گاندھی اورراہل گاندھی کے ساتھ کام کرنے کا اعزازحاصل ہے۔وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے صدارت کی۔ صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے تاریخی چارمینار کے دامن میں قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں وزیر مال پی سرینواس ریڈی، رکن اسمبلی مدن موہن، رکن کونسل بی وینکٹ، نائب صدر نشین پلاننگ بورڈ ڈاکٹر جی چنا ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande