نئی دہلی،19 اکتوبر(ہ س)۔ جمعیة علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی اور ناظمِ عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے جمعیة علماءتلنگانہ کے صدر الحاج حافظ پیر شبیر احمد کے انتقالِ پرملال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔مرحوم طویل عرصے سے جمعیة علماءہند کی مجلسِ عاملہ کے مو¿قر رکن اور 1993ے لگاتار جمعیةعلماءآندھرا پردیش و تلنگانہ کے فعال و متحرک صدر رہے۔ وہ جمعیة کے ان سرگرم اور مخلص سپاہیوں میں سے تھے جنہوں نے جنوبی ہند میں جمعیة کے نظریات کے فروغ اور اس کی اکائیوں کی تنظیم و توسیع میں نمایاں کردار ادا کیا۔نیز اصلاح معاشرہ ، فتنہ ارتدادکی سرکوبی،تحفظ عقیدہ ختم نبوت ، ہندو مسلم اتحاد ، ریلیف و بازآبادکاری کے میدان میں ان کی بیش بہا خدمات ہیں۔
ان کی حیات مستعار کا ایک روشن باب ریاستِ آندھرا پردیش میں مسلمانوں کے لیے تعلیم اور ملازمت کے میدانوں میں ریزرویشن کے حصول سے وابستہ ہے۔ یہ سچر کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں جمعیةعلماءہند کے دیرینہ مطالبے کی عملی تعبیر ہے۔ اگرچہ بعد میں ہائی کورٹ نے اس پر حکمِ امتناعی صادر کیا، لیکن جمعیة علماءہند کی طرف سے سپریم کورٹ میں کی گئی آئینی پیروی کے سبب یہ کوٹہ ا?ج بھی برقرار ہے۔ اس کے نتیجے میں ہنوز تیس لا کھ سے زائد مسلم نوجوان ملازمت او ر تعلیم کے میدان میں مستفید ہوچکے ہیں -
حافظ صاحب نے سیاسی و سماجی میدان میں بھی قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔ وہ کانگریس پارٹی کی جانب سے ایم ایل سی اور حج کمیٹی کے چیئرمین رہے، اور ان حیثیتوں میں بھی ملتِ اسلامیہ کی خدمت کو اپنا مشن بنائے رکھا۔اگرچہ وہ طویل عرصہ سے علیل تھے، لیکن بیماری کے باوجود انہوں نے جمعیة علماءہند اور اس کے نصب العین کو ہمیشہ اپنے سینے سے لگائے رکھا۔ ان کی پوری زندگی خلوص و استقامت اور خدمتِ دین سے عبارت تھی۔ بلاشبہ جب ایسی شخصیت دنیا سے رخصت ہوتی ہے تو ایک بڑا خلاپیدا ہوتا ہے۔جمعیة علماءاس خلا کو شدت سے محسوس کررہی ہے اور ان کے وصال کو ملت کے لیے نقصان عظیم تصور کرتی ہے۔اس موقع پر صدر جمعیةعلماءہند نے مرحوم کے جملہ اہلِ خانہ، بالخصوص حافظ پیر خلیق صابر ناظمِ اعلیٰ جمعیة علماءتلنگانہ،پیر ارشاد احمد اور پیر منیر احمد سمیت تمام لواحقین سے تعزیتِ مسنونہ پیش کی ہے اور صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب اس غم میں برابر کے شریک اور آپ کے مثل مستحقِ تعزیت ہیں۔جمعیةعلماءہند کے تمام احباب، وابستگان اور دینی اداروں کے ذمہ داران سے گزارش ہے کہ وہ مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور ایصالِ ثواب کا خصوصی اہتمام کریں۔اللہ رب العزت اپنی عنایتوں سے حافظ صاحب مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔آمین یا رب العالمین۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais