بحیرہ عرب کے گردابی طوفان سے مدھیہ پردیش کا موسم بدلا، دیوالی پر بارش کا امکان
بھوپال، 16 اکتوبر (ہ س)۔ بحیرہ عرب میں سرگرم گردابی طوفان نے مدھیہ پردیش کے موسم میں تبدیلی کی دستک دے دی ہے۔ جنوب مشرقی بحیرہ عرب اور لکشدیپ علاقے کے اوپر بنے اس گردابی نظام نے ہوا کے رخ کو بدل دیا ہے۔ ہوا کے ساتھ نمی آنے سے صوبے کے کئی علاقوں می
موسم کی علامتی تصویر


بھوپال، 16 اکتوبر (ہ س)۔ بحیرہ عرب میں سرگرم گردابی طوفان نے مدھیہ پردیش کے موسم میں تبدیلی کی دستک دے دی ہے۔ جنوب مشرقی بحیرہ عرب اور لکشدیپ علاقے کے اوپر بنے اس گردابی نظام نے ہوا کے رخ کو بدل دیا ہے۔ ہوا کے ساتھ نمی آنے سے صوبے کے کئی علاقوں میں بادل چھا گئے ہیں، جس سے درجہ حرارت میں ہلکا اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے دو سے تین دنوں تک آسمان پر بادلوں کا ڈیرہ رہے گا اور کئی جگہ ہلکی بوندا باندی کے آثار بن رہے ہیں۔ اس بار دیوالی پر بھی موسم کا یہ بدلا ہوا مزاج لوگوں کو ترکر سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات مرکز بھوپال کے مطابق بحیرہ عرب میں بنے گردابی طوفان کے اثر سے ہوا کا رخ مشرقی اور جنوب مشرقی سمت کی طرف ہو گیا ہے۔ اِن ہوا میں نمی کے باعث فضا میں رطوبت بڑھ گئی ہے، جس سے کئی شہروں میں بادل نظر آرہے ہیں۔ بھوپال، اندور، جبل پور اور نرمداپورم ڈویژن کے اضلاع میں بادل چھائے رہنے اور ہلکی بارش یا بوندا باندی کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

صوبے کے 24 اضلاع بھوپال، رائسین، سیہور، ودیشا، نرمداپورم، ہہردا، بیتول، اندور، دھار، جھابوا، علی راج پور، بڑوانی، کھرگون، برہان پور، کھنڈوا، جبل پور، کٹنی، نرسنگھ پور، سیونی، چندواڑا، بالا گھاٹ، منڈلا، ڈنڈوری اور راج گڑھ میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ محکمۂ موسمیات کا اندازہ ہے کہ یہ صورتِ حال 19 اکتوبر تک برقرار رہ سکتی ہے، جب بحیرہ عرب کا گردابی طوفان کم دباو کے علاقے میں تبدیل ہو جائے گا۔

قابلِ ذکر ہے کہ فی الحال بحیرہ عرب کا یہ گردابی طوفان ہوا کی بالائی سطح پر سرگرم ہے اور آہستہ آہستہ اس کا اثر وسطی ہندوستان تک پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوا میں نمی بڑھنے سے بادلوں کی کثافت بھی بڑھے گی۔ اس سے رات کے درجۂ حرارت میں کمی کا امکان نہیں ہے، جبکہ دن کے درجۂ حرارت میں معمولی کمی آ سکتی ہے۔ ادھر منگل اور بدھ کی درمیانی رات میں کھنڈوا اور نوگاوں صوبے کے سب سے سرد شہر رہے، جہاں کم از کم درجۂ حرارت 15.4 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ صوبے کے 17 شہروں میں رات کا درجۂ حرارت 20 ڈگری سیلسیئس سے نیچے چلا گیا۔ دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.8 ڈگری سیلسیئس کھنڈوا میں ہی درج ہوا۔ بھوپال میں کم از کم درجہ حرارت 20.6 ڈگری، گوالیار میں 18، اندور میں 18.2، اجین میں 20 اور جبل پور میں 20.3 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔

سینئر موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال مشرقی ہوائیں چل رہی ہیں اور ان میں کافی مقدار میں نمی موجود ہے۔ اسی وجہ سے مدھیہ پردیش میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔ یہ صورتِ حال کم از کم اگلے تین دنوں تک برقرار رہ سکتی ہے۔ اس کے بعد اگر ہلکی بارش ہوتی ہے تو دن کا درجۂ حرارت تیزی سے کم ہو سکتا ہے۔ اسی دوران، بھوپال، اندور اور ساگر ڈویژن میں راتیں ٹھنڈی ہونے لگی ہیں۔ پارہ 17 ڈگری سیلسیئس سے نیچے جا چکا ہے۔ موسمیات ماہرین کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے پہاڑوں پر ہونے والی برف باری سے شمالی ہوائیں سرگرم ہو گئی ہیں، جو مدھیہ پردیش میں خنکی لا رہی ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق صوبے سے مانسون باضابطہ طور پر رخصت ہو چکا ہے۔ اس بار مانسون تقریباً 3 ماہ 28 دن تک سرگرم رہ کر برستا رہا۔ 16 جون کو مانسون کا آغاز ہوا تھا اور 13 اکتوبر کو اس کی واپسی کا اعلان کیا گیا۔ اس کے باوجود بحیرہ عرب کی موجودہ سرگرمیوں کے باعث بارش کے امکانات برقرار ہیں۔

محکمہ نے آج یعنی 16 سے 18 اکتوبر کے درمیان صوبے کے جنوبی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ بحیرہ عرب کے گردابی طوفان اور ہوا کے رخ کے مشترکہ اثر سے فضا میں نمی برقرار ہے۔ اسی وجہ سے موسم میں ہلکی خنکی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ موسمیات ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اگلے دو دنوں میں بادل سرگرم رہے تو صوبے کے کئی حصوں میں دیوالی کی رات بھی ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande