بیتیا،13اکتوبر(ہ س)۔ بہار کے بیتیا کے مجہولیا میں ایک ہولناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مٹھائی کی دکان میں بیک وقت تین گیس سلنڈر پھٹنے سے شدید آگ لگ گئی۔ واقعہ پرانے پوسٹ آفس کے قریب پیش آیا جو مجہولیاشوگر مل کے بالکل سامنے ہے۔ آگ نے تیزی سے چار دکانوں کو اپنی زد میں لے لیا جس سے لاکھوں روپے کی املاک تباہ ہو گئیں۔اطلاعات کے مطابق آشیش مسٹھان بھنڈار میں مٹھائی تیار کرنے کے دوران اچانک آگ لگ گئی۔ آگ تیزی سے پھیلی اور قریبی دکانوں تک پہنچ گئی۔ یکے بعد دیگرے تین گیس سلنڈر پھٹنے سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔اس زبردست آگ میں آشیش مسٹھان بھنڈار کے علاوہ سونو انڈوں کی دکان، رحمت اللہ کا سیلون اور ایک اور دکان مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ دھماکے اور آگ لگنے سے لاکھوں روپے کا سامان جل گیا۔ آگ کے شعلے اتنے شدید تھے کہ کسی کے پاس جانے کی ہمت نہ ہوئی۔اطلاع ملتے ہی مجھولیا تھانہ کی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی ۔ مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔اس دوران میل کے سیفٹی افسر گووند چودھری، جتیندر ساہ اور دیگر لوگوں نے دکانوں میں رکھے تین دیگر سلنڈروں کو باہر نکالا، جس سے صورتحال مزید بڑھنے سے بچ گئی۔دھماکے اور اس کے بعد ہونے والی افراتفری میں ایک درجن افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔واقعے کے بعد انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ گیس سلنڈر کا اخراج بتایا گیا ہے۔ مقامی پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ اب وجہ معلوم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan