سورت، 13 اکتوبر (ہ س)۔ گجرات کے سورت کے گوڈادرہ علاقے میں میونسپل پرائمری ایجوکیشن کمیٹی کے زیر انتظام اسکول نمبر 342 اور 351 میں اتوار کو انتظامیہ اجازت کے بغیر ایک گیٹ ٹوگیدر اور نان ویجیٹیرین پارٹی کا انعقاد کیا گیا۔اس معاملے کو سنگین سمجھتے ہوئے تعلیمی کمیٹی نے اسکول کے پرنسپل پربھاکر ایلیگیٹن کو فوری اثر سے معطل کر دیا ہے۔
یہ پروگرام 1987 سے 1991 کے بیچوں کے سابق طلبا کے لیے منعقد کیا گیا تھا، جس میں چکن اور مٹن شامل پروسا گیا۔ اسکول کے پرنسپل بھی تقریب کے دوران موجود تھے۔ اسکول کے کیمپس میں نان ویجیٹیرین کھانا پیش کیے جانے کا ایک ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد تنازعہ بڑھ گیا۔ سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ اسکول کے احاطے میں واقع دیوی سرسوتی کی مورتی کے چہرے کو چنری سے ڈھانپ کر نان ویجیٹیرین کھانا پیش کیا گیا، جس سے بڑے پیمانے پر لوگ مشتعل ہو گئے ۔
اس معاملے کے بارے میں میونسپل پرائمری ایجوکیشن کمیٹی کے چیئرمین راجندر کپاڈیہ نے کہا، ”اسکول نے بغیر کسی اجازت کے سابق طلبا کے نام پر یہ تقریب منعقد کی، جو کہ انتہائی نامناسب ہے۔“ کمیٹی کی ٹیم نے اسکول پہنچ کر عملے، اساتذہ اور جائے وقوعہ کا معائنہ کرنا شروع کر دیا ہے۔
پرنسپل پربھاکر نے یہ کہتے ہوئے اپنا دفاع کیا، ”یہ تقریب سابق طلبا اور اساتذہ کے ری یونین کے طور پر منعقد کی گئی تھی، لیکن نان ویجیٹیرین کھانا پیش کرنا ہماری غلطی تھی۔“ انہوں نے کہا کہ سابق طلبا کی تلگو برادری نے اس تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ اسکول کے چوکیدار سنتوش بھائی نے کہا،”لوگ صبح آئے اور تقریب ہوئی، نان ویجیٹیرین کھانا بھی پیش کیا گیا، لیکن میں اس کے بارے میں زیادہ نہیں جانتا ہوں۔“
فی الحال ایجوکیشن کمیٹی نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور واضح کیا ہے کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں اس طرح کا نامناسب رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد