
حیدرآباد، 9 ستمبر(ہ س)۔
تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ نے پولیس تقرری 2026 کے تحت آن لائن درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 16 ستمبر 2026، بروز بدھ کو شام 5 بجے تک مقرر کیا ہے۔ بورڈ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد امیدواروں کو درخواستیں مکمل کرنے کے لئے مزید وقت فراہم کرنا ہے۔ بورڈ نے 29 جولائی 2026 کو پولیس، اسپیشل پروٹیکشن فورس، فائر، ڈیزاسٹر رسپانس، ایمرجنسی اینڈ سیول ڈیفنس اور محکمہ جیل کے شعبہ جات میں 7,437 مخلوعہ جائیدادوں پر راست تقررات کے لئے چار اعلامیہ جاری کئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق اب تک 3,38,336 امیدواروں نے رجسٹریشن کروایا ہے جن میں خواتین امیدواروں کی تعداد تقریباً 25 فیصد ہے۔ ان میں سے 2,88,530 امیدوار فیس ادا کرنے کے بعد اگلے مرحلے میں پہنچ چکے ہیں، جبکہ 2,76,085 امیدوار آن لائن درخواستیں داخل کرا چکے ہیں۔ ان امیدواروں نے مختلف عہدوں کے لئے درخواستیں دی ہیں۔ اس تقرری میں پہلی مرتبہ آدھار تصدیق کا عمل شروع کیا گیا ہے جو 95 فیصد سے زائد امیدواروں کے لئے مکمل ہوچکا ہے۔ اس تقرری کے دوران اسپیشل پروٹیکشن فورس اور فائر سروس کے تمام اعلامیہ شدہ عہدوں میں خواتین کے لئے 33.3 فیصد ریزرویشن فراہم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایس سی امیدواروں میں گروپ I، II اور III ریزرویشن کا نفاذ بھی پہلی مرتبہ پولیس تقررات میں کیا جا رہا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق