
نئی دہلی، 8 ستمبر (ہ س)۔ پاکستان کی میزبانی میں 2027 کے منعقد ہونے والے ساوتھ ایشین فیڈریشن گیمز میں ہندوستان کی شرکت کے بارے میں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ قومی کھیلوں کی پالیسیوں اور بین الاقوامی کھیلوں کی فیڈریشنوں کے رہنما اصولوں کے مطابق کیا جائے گا۔
منگل کو دہلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ سرحد پار کھیلوں کے مقابلوں میں ہندوستان کی شرکت کا فیصلہ ملک کے کھیلوں کے مفادات اور متعلقہ بین الاقوامی کھیلوں کی فیڈریشنوں کے ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ حکومت نے کھیلوں کے تعلقات کے حوالے سے واضح پالیسی طے کی ہے۔ اس پالیسی کے تحت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ سیریز پر پابندی عائد رہے گی جبکہ کثیر جہتی بین الاقوامی مقابلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی شرکت کی اجازت ہو گی۔
یہ معاملہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلوں کے تعلقات کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ مئی میں نوجوانوں کے امور اور کھیل -کود کی وزارت نے واضح کیا کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ کھیلوں کے مقابلوں کی اجازت نہیں ہوگی، لیکن ہندوستانی کھلاڑی کثیر جہتی بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔
بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کو فروغ دینے کے لیے ہندوستان غیر ملکی کھلاڑیوں اور عہدیداروں کے لیے سفری طریقہ کار کو بھی آسان بنا رہا ہے۔ اس میں بین الاقوامی ایتھلیٹس اور کھیلوں کے عہدیداروں کے لیے پانچ سالہ ملٹی پل انٹری ویزا تک رسائی کو ترجیح دینا شامل ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد