
نئی دہلی، 8 ستمبر(ہ س)۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف پرتاپ سنگھ باجوا نے کسان گلزار سنگھ کی موت کے معاملے میں ریاست کے وزیر خزانہ ہرپال سنگھ چیمہ کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ باجوا نے کہا کہ چیمہ کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جانی چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت لوگوں کو سوال پوچھنے تک کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔
باجوا نے منگل کو یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر خزانہ ہرپال سنگھ چیمہ نے 6 ستمبر کو ایک جلسے میں دعویٰ کیا تھا کہ ریاست میں منشیات کے خلاف مہم کامیاب رہی ہے۔ جلسے میں موجود گلزار سنگھ نے وزیر کے دعوے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ منشیات پنجاب کے ہر گھر تک پہنچ چکی ہیں۔ اگلے روز گاؤں کے پنچ اور عام آدمی پارٹی کے حامی گلزار سنگھ کے گھر پہنچے اور ان سے وزیر سے معافی مانگنے کے لیے کہا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ معافی مانگنے سے انکار کے بعد گلزار سنگھ پر دباؤ بڑھا اور بعد میں انہوں نے ایک ویڈیو جاری کرکے الزام لگایا کہ وزیر کے اشارے پر انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ باجوا نے کہا کہ اب خبر ہے کہ گلزار سنگھ نے سلفاس کھا کر خودکشی کر لی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی عام آدمی پارٹی حکومت کا ایک تشویشناک چہرہ سامنے آ رہا ہے۔ ریاست میں جہاں بھی سرکاری ملازمین، کسان، منریگا کارکنان، آشا ورکرز، مزدور اور نوجوان احتجاج کرتے ہیں، وہاں پولیس فورس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ عام آدمی پارٹی کی حکومت نے پنجاب پولیس کو ’’پرائیویٹ ملیشیا‘‘ میں تبدیل کر دیا ہے۔
باجوا نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کو پنجاب میں اقتدار میں آئے چار سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، لیکن وہ ریاست کی صورتحال میں بہتری لانے میں ناکام رہی ہے۔ پنجاب میں قانون و انتظام کی صورتحال بگڑ گئی ہے اور لوگ خود کو محفوظ محسوس نہیں کر رہے ہیں۔ کانگریس رہنما نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں بھتہ خوری، گینگسٹر سرگرمیاں اور منشیات کی اسمگلنگ سنگین مسائل بنے ہوئے ہیں۔ پنجاب ایک سرحدی ریاست ہے اور پاکستان سے ڈرون کے ذریعے منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر ریاست اور مرکز، دونوں حکومتیں مؤثر کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اروند کیجریوال اور منیش سسودیا کو واقعی پنجاب کی فکر ہے تو انہیں ہرپال سنگھ چیمہ سے استعفیٰ لینا چاہیے اور گلزار سنگھ کی موت کے معاملے میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانی چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan