
نئی دہلی، 7 ستمبر (ہ س)۔ جنوب مشرقی دہلی کے کلوکری گاؤں میں رات گئے شور -شرابے اور ہنگامہ کی مخالفت کرنے پر ایک موسیقار کا مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے تمام ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔
سن لائٹ کالونی تھانے کی پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب موسیقارسی وکرم سنگھ کے گھر کے سامنے ڈھابے کے کارکن اور ڈیلیوری بوائے جمع ہوکر مبینہ طور پرتیز آواز میں شور شرابا اور ہنگامہ کر رہے تھے۔ وکرم سنگھ گھر سے باہر آئے اور انہیں ایسا کرنے سے منع کرتے ہوئےپرامن رہنے کو کہا، لیکن وہ لوگ نہیں مانے اور اسی بات پر دونوں فریقوں کے درمیان بحث شروع ہوگئی۔
اس کے بعد ملزمین نے مبینہ طور پر وکرم سنگھ پر لاتوں اور گھونسوں سے حملہ کردیا۔ حملے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ ان کے بیٹے نے انہیں قریبی ہولی فیملی اسپتال میں داخل کرایا، جہاں دوران علاج ان کی موت ہوگئی۔ متوفی کلوکری گاؤں کے رہائشی تھے۔
فی الحال پولیس نے قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے نابالغوں سمیت تمام ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمین سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد