
نئی دہلی، 6 ستمبر (ہ س): وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو لوک کلیان مارگ سے میٹرو میں سفر کے دوران ساتھی مسافروں، اسکول کے بچوں اور نوجوانوں سے بات چیت کی۔
ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں، وزیر اعظم ایک غیر رسمی بات چیت میں مصروف نظر آ ئے، جہاں یوم اساتذہ اور ملک کی ترقی پر بات چیت کے ساتھ ساتھ، انہوں نے خاص طور پر طلباء کو کتابوں سے جڑنے اور سوانح حیات پڑھنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے اپنے پارلیمانی حلقہ بنارس میں ہوئی تبدیلیوں کے بارے میں مسافروں سے براہ راست رائے بھی طلب کی۔
سفر کے دوران بچوں اور نوجوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پوچھا کہ کیا انہوں نے ملک کی ترقی پر بات کی اور درسی کتابوں سے ہٹ کر کچھ بھی پڑھا ہے؟ جب ایک طالب علم نے صرف ناول پڑھنے کا ذکر کیا تو وزیر اعظم مودی نے اسے سوانح حیات پڑھنے کا مشورہ دیا۔
وزیر اعظم نے کہا، کسی کو خود نوشت یا سوانح عمری پڑھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ آپ کسی کھلاڑی، کسی فلمی فنکار یا سائنسدان کی سوانح عمری پڑھ سکتے ہیں... کسی کے بارے میں بھی پڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے وہاں موجود ایک طالب علم کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تعلیمی نصاب سے ہٹ کر ایسی کتابیں پڑھنے کا عہد کریں۔
بات چیت کے دوران، ایک طالب علم نے وزیر اعظم کے اعزاز میں 'گرور برہما گرو وشنو...' اشلوکا پڑھا۔ وزیر اعظم نے مسکرا کر اس کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے بنارس سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون مسافر سے بھی بات کی — جس نے بی ایچ یو سے گریجویشن کیا تھا اور دہلی یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی تھی۔ ان سے وزیر اعظم نے اپنے پارلیمانی حلقے میں بے مثال تبدیلیوں اور زمینی حقائق کے بارے میں دریافت کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد