
نئی دہلی، 05 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ و امداد باہمی امت شاہ کی صدارت میں مغربی علاقائی کونسل کی 28 ویں میٹنگ 7 ستمبر کو گوا کے دارالحکومت پنجی میں منعقد ہوگی۔ اس میٹنگ میں مغربی خطے کی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے متعلق مختلف مسائل کے ساتھ ساتھ مرکز اور ریاستوں کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
وزارت داخلہ کے مطابق، مغربی علاقائی کونسل میں گوا، گجرات اور مہاراشٹر کے علاوہ مرکز کے زیر انتظام علاقہ دادرا و نگر حویلی اور دمن و دیو شامل ہیں۔ ریاستی تنظیم نو ایکٹ، 1956 کی دفعات 15 تا 22 کے تحت قائم کردہ پانچ علاقائی کونسلوں میں مغربی علاقائی کونسل بھی شامل ہے۔
امت شاہ اس کونسل کے چیئرمین ہیں، جبکہ گوا کے وزیر اعلیٰ اس کے وائس چیئرمین ہیں۔ رکن ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ میں سے کسی ایک وزیر اعلیٰ کو ہر سال روٹیشن کی بنیاد پر کونسل کا وائس چیئرمین بنایا جاتا ہے۔ اس میٹنگ کا انعقاد مرکزی وزارت داخلہ کے انٹر اسٹیٹ کونسل سیکرٹریٹ کی جانب سے کیا جا رہا ہے اور اس کی میزبانی گوا حکومت کر رہی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے باہمی وفاقیت پر مبنی ’ٹیم بھارت‘ کے تصور کو آگے بڑھانے میں علاقائی کونسلوں کا کلیدی کردار ہے۔ یہ کونسلیں دو یا دو سے زائد ریاستوں نیز مرکز اور ریاستوں سے متعلق معاملات پر بات چیت اور غور و خوض کا پلیٹ فارم مہیا کرتی ہیں۔
جون 2014 سے اب تک مختلف علاقائی کونسلوں اور ان کی اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی 70 میٹنگیں منعقد ہو چکی ہیں۔ آئندہ میٹنگ میں خواتین اور بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے معاملات کی تیز رفتار تفتیش، فاسٹ ٹریک اسپیشل کورٹس، ای آر ایس ایس-112، غذائی تحفظ، بینکنگ سہولیات کی توسیع، غذائیت، تعلیم، صحت، بجلی کے شعبے میں اصلاحات، شہری منصوبہ بندی، امداد باہمی، سائبر کرائم اور ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے جیسے اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن