
ممبئی، 4 ستمبر (ہ س)۔
ٹاٹا کی قیادت والی ایئرلائن ایئر انڈیا نے جمعہ کو فوکٹ-دہلی پرواز کے پائلٹ اِن کمانڈ کی خدمات ختم کردی ہیں، جو منشیات کے استعمال کے ٹیسٹ میں مثبت پائے گئے تھے۔
ایئر انڈیا نے آج ایک بیان میں بتایا کہ جانچ میں منشیات کے استعمال کی تصدیق ہونے کے بعد فوکٹ-دہلی پرواز کے چیف پائلٹ کی خدمات ختم کردی گئی ہیں۔ ایئرلائن کی جانب سے یہ اعلان فوکٹ پرواز کے واقعے کی تحقیقات کرنے والی ایجنسی ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (اے اے آئی بی) کی ابتدائی رپورٹ جاری ہونے کے چند گھنٹوں بعد کیا گیا ہے۔
اے اے آئی بی کی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پائلٹ کی جانب سے منشیات کا استعمال ایک سنگین تشویش کا معاملہ ہے اور اس نے ہوابازی کے نگراں ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) سے مناسب کارروائی کرنے کو کہا تھا۔
اے اے آئی بی نے اس معاملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ آج جاری کی ہے۔ اس طیارہ حادثاتی واقعے میں 20 مسافر اور عملے کے چار ارکان زخمی ہوگئے تھے۔ ایئر انڈیا نے ابتدا میں طیارے کے اچانک نیچے آنے کی وجہ ٹربولنس (ہوا کے شدید جھٹکوں) کو بتایا تھا، لیکن طیارہ بنانے والی کمپنی کی رپورٹ سے معلوم ہوا کہ طیارے کے گرین، بلیو اور یلو سسٹم میں ہائیڈرولک پریشر کے مسائل کی وجہ سے تقریباً چار سیکنڈ تک ایلیویٹر اور ایلیرون کنٹرول کام نہیں کر رہے تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ