
ماسکو، 30 ستمبر (ہ س /ریا نووستی)۔ امریکی بمبارڈیئرآرٹیمس ٹو جاسوسی طیارے نے منگل کو روس کے کیلننگراڈ خطے کے گرد تقریباً پانچ گھنٹے تک چکر لگائے۔ روس کی خبر رسا ایجنسی ریا نووستی نے دعوی کیا ہے کہ ا س کی جانب سے فلائٹ ڈیٹا کے جائزے سے یہ بات سامنے آئی ہے۔
یہ طیارہ گرینوچ مین ٹائم کے مطابق تقریباً 05:50 بجے رومانیہ سے روانہ ہوا اور تقریباً 07:50 جی ایم ٹی پر کیلننگراڈ خطے کے گرد چکر لگانے والے فضائی راستے میں داخل ہوا۔ طیارے نے 12:35 جی ایم ٹی تک اسی راستے پر پرواز کی، جس کے بعد اس نے جنوب مغرب کی جانب رخ کر لیا۔
امریکی کمپنی لیڈوس نے کاروباری جیٹ طیارے میں تبدیلی کرکے اسے ریڈار کے ذریعے جاسوسی کی ضروریات کے مطابق تیار کیا تھا۔ فوجی مقاصد کے لیے تبدیل کیے جانے کے بعد اسے آرٹیمس ٹو کا نام دیا گیا۔ یہ طیارہ باقاعدگی سے کیلننگراڈ خطے کے گرد اور بحیرہ اسود کے ساتھ کریمیا سمیت روس کے دیگر جنوبی علاقوں کے قریب پروازیں کرتا ہے۔
روس گزشتہ چند برسوں سے اپنی مغربی سرحدوں کے قریب نیٹو کی غیر معمولی سرگرمیوں اور فوجی تعیناتی میں اضافے کی نشاندہی کرتا رہا ہے۔ کریملن کا کہنا ہے کہ روس کسی کے لیے خطرہ نہیں ہے، تاہم اس کے مفادات کے لیے ممکنہ طور پر خطرناک اقدامات کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد