
دبئی، 30 ستمبر (ہ س / ریا نووستی)۔ دبئی سے تل ابیب جا رہی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کو بدھ کے روز طیارے کے اندر پیش آنے والے ایک سنگین واقعے کے بعد سعودی عرب کے شہر تبوک میں ہنگامی حالت میں اتارا گیا۔ فلائی دبئی نے تصدیق کی ہے کہ طیارہ بحفاظت اتر گیا ہے اور تمام مسافر نیز عملے کے ارکان محفوظ ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، بوئنگ 737 میکس 8 میں دورانِ پرواز دونوں پائلٹوں کے درمیان جسمانی جھڑپ ہوئی۔ طیارے نے پہلے 7700 کا عمومی ایمرجنسی کوڈ اور بعد میں کچھ دیر کے لیے 7500 کوڈ نشر کیا، جس کا استعمال طیارے میں ممکنہ غیر قانونی مداخلت یا ہائی جیکنگ کی صورتِ حال کے اشارے کے طور پر کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد طیارے کا رخ تبوک کی جانب موڑ دیا گیا۔
طیارے کی اچانک بلندی کم ہونے کی جانکاری بھی سامنے آئی ہے۔ فلائٹ ٹریکنگ کے اعداد و شمار کے مطابق، طیارے نے کچھ ہی دیر میں تقریباً 14,000 فٹ کی اونچائی کھو دی۔ اس کے بعد طیارے نے اپنا راستہ تبدیل کیا اور بحفاظت تبوک میں اتر گیا۔
شروع میں 7500 کوڈ کے باعث طیارے کے اغوا کا خدشہ ظاہر کیا گیا اور اسرائیل کی جانب سے لڑاکا طیارے بھی بھیجے جانے کی خبریں سامنے آئیں۔ تاہم، اسرائیلی حکام کے مطابق ابتدائی جائزے میں یہ ہائی جیکنگ کا واقعہ نہیں بلکہ کاک پٹ میں پائلٹوں کے درمیان ہونے والا تنازعہ تھا۔
اسرائیلی میڈیا میں یہ بھی رپورٹ کیا گیا ہے کہ جھڑپ کے دوران ایک پائلٹ زخمی ہوا اور مسافروں نیز کیبن کرو کے کچھ ارکان نے صورتِ حال کو قابو میں کرنے میں مدد کی۔ ایک اور رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایک پائلٹ نے طیارے کو تیزی سے نیچے لے جانے کی کوشش کی تھی۔ تاہم، ان تفصیلات اور واقعے کی اصل وجوہات کی ابھی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
اسرائیلی سیکورٹی ایجنسیاں واقعے کی مختلف زاویوں سے جانچ کر رہی ہیں۔ ان میں دہشت گردانہ حملے کی ممکنہ کوشش کا پہلو بھی شامل بتایا گیا ہے۔ وہیں، معاون پائلٹ (کو پائلٹ) کی قومیت اور واقعے کے دوران درحقیقت کیا پیش آیا، اس سلسلے میں سامنے آنے والی چند میڈیا رپورٹوں کی بھی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
فلائی دبئی نے کہا ہے کہ اس کی ٹیمیں متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں اور اضافی تصدیق ہونے پر مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔ فی الحال، تمام مسافروں کے محفوظ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے اور واقعے کی جانچ جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن