
جموں, 03 ستمبر (ہ س)نگروٹہ اسمبلی حلقہ کی ایم ایل اے دیویانی رانا نے حلقہ انتخاب کی تمام پنچایتوں میں کھیل میدانوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کے لیے ایک کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔دیویانی رانا نے کہا کہ مذکورہ رقم تمام پنچایتوں میں مساوی طور پر تقسیم کی جائے گی، تاکہ ہر پنچایت کے بچوں اور نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات دستیاب ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں سے جوڑنے اور ان میں نظم و ضبط، خود اعتمادی اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ایم ایل اے نے کہا کہ نشہ سے پاک بھارت اور نشہ سے پاک جموں و کشمیر کے ہدف کے حصول کے لیے نوجوانوں کو کھیل، تعلیم اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو منشیات سمیت دیگر منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر پنچایت میں بہتر کھیل میدان دستیاب ہونے سے کرکٹ، فٹبال، ایتھلیٹکس اور دیگر کھیلوں میں نوجوانوں کی شرکت بڑھے گی اور مقامی سطح پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع ملے گا۔دیویانی رانا نے کہا کہ حکومت اور عوامی نمائندوں کی ذمہ داری صرف بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنا نہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنا بھی ہے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر