وزیر داخلہ امت شاہ نے دہلی کو 1,941 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیا
نئی دہلی، 29 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ و امداد باہمی امت شاہ نے سیوا سنکلپ مہم کے تحت منگل کو دہلی کے عوام کو 1,941 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیا۔ انہوں نے باراپلا ایلیویٹڈ کوریڈور فیز-3 اور مکربہ چوک انڈر پاس کا افتتاح کیا، جبکہ ساو
امت شاہ


نئی دہلی، 29 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ و امداد باہمی امت شاہ نے سیوا سنکلپ مہم کے تحت منگل کو دہلی کے عوام کو 1,941 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیا۔ انہوں نے باراپلا ایلیویٹڈ کوریڈور فیز-3 اور مکربہ چوک انڈر پاس کا افتتاح کیا، جبکہ ساوتری سنیما-مودی مل فلائی اوور اور لونی انڈر پاس کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھا۔

دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اور دہلی حکومت کے درمیان بہتر تال میل اور تعاون سے دارالحکومت میں جدید، مضبوط اور شہریوں پر مرکوز انفراسٹرکچر کی ترقی کو رفتار مل رہی ہے۔ مرکز اور دہلی حکومت مل کر دہلی کے عوام کی برسوں پرانی ضروریات پوری کرنے اور دارالحکومت کی کنیکٹیویٹی مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت میں سڑکوں، فلائی اوورز، انڈر پاسز اور ایلیویٹڈ کوریڈورز کا ایسا مضبوط نیٹ ورک تیار کیا جائے، جس سے مختلف علاقوں کے درمیان آمدورفت آسان ہو، ٹریفک کا دباؤ کم ہو اور دہلی کے شہریوں کے وقت کی بچت ہو۔ آج شروع کیے گئے منصوبے اسی سمت میں اہم قدم ہیں۔

اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت ہرش ملہوترا، رکن پارلیمنٹ رامویر سنگھ بیدھوڑی، دہلی حکومت کے وزرا پرویش صاحب سنگھ، آشیش سود، سردار منجندر سنگھ سرسا، کپل مشرا، ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ، متعدد ارکان اسمبلی اور اعلیٰ افسران موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ دہلی کی ترقی کے لیے مرکز اور دہلی حکومت کے درمیان پالیسی، منصوبہ بندی اور عمل درآمد کی سطح پر بہتر تال میل کا براہ راست فائدہ دہلی کے عوام کو مل رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی کے ’وکست بھارت‘ اور ’وکست دہلی‘ کے عزم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے دہلی حکومت مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر دارالحکومت میں جدید انفراسٹرکچر کو وسعت دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج دہلی کو ملنے والے یہ منصوبے صرف سڑکیں، فلائی اوور اور انڈر پاس نہیں ہیں بلکہ لاکھوں دہلی والوں کے وقت کی بچت، بہتر کنیکٹیویٹی، آسان آمدورفت اور بہتر معیارِ زندگی سے جڑی اہم سہولیات ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے عام آدمی پارٹی (آپ) کی سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے دور حکومت میں ترقیاتی منصوبے ’’لٹکے، اٹکے اور بھٹکے‘‘ رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت زیر التوا منصوبوں کو مکمل کرنے پر زور دے رہی ہے۔

اس موقع پر دہلی کے تعمیراتِ عامہ کے وزیر پرویش صاحب سنگھ نے کہا کہ آج دہلی کے انفراسٹرکچر کے لیے اہم دن ہے۔ باراپلا فیز-3 اور مکربہ چوک انڈر پاس کا افتتاح، جبکہ لونی انڈر پاس اور ساوتری سنیما-مودی مل فلائی اوور کا سنگ بنیاد دہلی کی کنیکٹیویٹی بہتر بنانے کی سمت اہم اقدامات ہیں۔ انہوں نے وکست دہلی کے ہدف کو عملی شکل دینے میں تعاون کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کیا اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا بھی شکریہ ادا کیا۔

باراپلا ایلیویٹڈ روڈ فیز-3

باراپلا ایلیویٹڈ روڈ فیز-3 کے شروع ہونے سے میور وہار فیز-1 سے سرائے کالے خان کے راستے جنوبی دہلی اور ایمس تک سگنل فری کنیکٹیویٹی مضبوط ہوگی۔ تقریباً 10.9 کلومیٹر طویل اس ایلیویٹڈ کوریڈور کو موجودہ باراپلا نیٹ ورک سے جوڑا گیا ہے۔ منصوبے میں ٹریفک کو مختلف سمتوں میں آسانی سے چلانے کے لیے نو لوپس بنائے گئے ہیں۔ پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کے لیے بھی الگ سہولیات تیار کی گئی ہیں۔

اس سے مشرقی دہلی، جنوب مشرقی دہلی اور نوئیڈا سے آنے جانے والے لوگوں کو بہتر کنیکٹیویٹی ملے گی اور اہم سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔ یہ کوریڈور دہلی کے اہم علاقوں کو جوڑنے والی ایک اہم سگنل فری کڑی کے طور پر کام کرے گا۔

مکربہ چوک انڈر پاس

مکربہ چوک انڈر پاس کی تعمیر آؤٹر رنگ روڈ پر ٹریفک کو مزید رواں بنانے کے مقصد سے کی گئی ہے۔ منصوبے میں دو گاڑیوں کے انڈر پاس اور ایک پیدل مسافروں کا انڈر پاس شامل ہے۔ اندازہ ہے کہ اس منصوبے سے روزانہ تقریباً 15,800 گاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔

اس سے بادلی اور روہنی کی جانب سے آزادپور اور جہانگیر پوری جانے والی ٹریفک کو مکربہ چوک انٹرچینج میں داخل ہوئے بغیر براہ راست راستہ ملے گا۔ اس کے علاوہ حیدرپور بادلی موڑ میٹرو اسٹیشن کے قریب پیدل مسافروں اور غیر موٹر ٹریفک کے لیے الگ انڈر پاس ہونے سے آمدورفت زیادہ محفوظ ہوگی۔

مودی مل فلائی اوور

جنوبی دہلی کی ٹریفک کو مضبوط بنانے کے لیے مودی مل فلائی اوور کی توسیع کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ منصوبے کے تحت مودی مل سے کالکاجی اور آگے آئی آئی ٹی گیٹ کی سمت سگنل فری آمدورفت کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

یہ منصوبہ کیپٹن گوڑ مارگ-آؤٹر رنگ روڈ سمیت جنوبی دہلی کے اہم ٹریفک جنکشنز پر دباؤ کم کرنے میں مدد کرے گا۔ اس سے نہرو پلیس، کالکاجی، گریٹر کیلاش اور آس پاس کے علاقوں کے درمیان آمدورفت بھی زیادہ آسان ہونے کی توقع ہے۔

ساوتری سنیما فلائی اوور

ساوتری سنیما جنکشن پر ایک نئے متوازی فلائی اوور کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھا گیا۔ مجوزہ فلائی اوور کا مقصد آؤٹر رنگ روڈ اور جی کے-2 روڈ کے آس پاس ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور نہرو پلیس، اوکھلا اور آس پاس کے علاقوں کی جانب جانے والی گاڑیوں کو زیادہ آسان راستہ فراہم کرنا ہے۔

لونی روڈ انڈر پاس

لونی روڈ گول چکر انڈر پاس کے تعمیراتی کام کا بھی سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد لونی روڈ اور شاہدرہ کے درمیان ٹریفک کو مزید آسان بنانا اور لونی روڈ گول چکر پر گاڑیوں کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔

مجوزہ انڈر پاس چار لین کا ہوگا۔ اس کی تعمیر سے لونی کی جانب سے آنے اور جانے والی گاڑیوں کو گول چکر پر رکنے کی ضرورت کم ہوگی اور شاہدرہ کی جانب آمدورفت مزید آسان بنانے میں مدد ملے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande